پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، نگران وفاقی وزیر خلیل جارج

پشاور۔ 15 دسمبر (نمائندہ عسکر):نگران وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسیحی کمیونٹی سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ یہاں مقامی ہوٹل میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلیے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رسول اس دنیا میں انسانیت کی رہنمائی اور امن، امید، بھائی چارے، محبت اور بقائے باہمی کے آفاقی پیغام پہنچانے کیلئے بھیجے گئے تھے ۔

وفاقی وزیر خلیل جارج نے کہا کہ زندگی میں تمام چیلینجز کا مقابلہ اتحاد، خوداعتمادی اور قومی اتفاق سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس لوگوں ایک دوسرے سے قریب کر دیتا ہے اور اس کو منانے کا بہترین طریقہ غرباء، یتیم اور ضرورت مند لوگوں کو اپنی خوشی میں شامل کرنا ہے تاکہ دوریوں کو ختم کرکے خوشیاں بانٹی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ خدا پر یقین رکھنے والے مشکل حالات میں خوف زدہ نہیں ہوتے بلکہ تمام چیلنجز کا امید، اتحاد اور مستقل مزاجی سے مقابلہ کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ھم آہنگی اور بقائے باہمی آگے بڑھنے کےلیے ناگزیر ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلیے مسیحی کمیونٹی کے خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان میں کرسمس کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ تقریب سے بشپ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کرسمس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر نے کیک کاٹا جبکہ وفاقی وزیر کو تخفہ بھی پیش کیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.