آرمی پبلک سکول کے معصوم شہدا کی نویں برسی(کل) منائی جا ئے گی

فیصل آباد۔ 15 دسمبر(نمائندہ عسکر):” ہم تمہیں بھولے ہیں نہ بھولیں گے کبھی ” کے عنوان سے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ 16دسمبر 2014 کے معصوم شہدا کو خراج عقیدت اور ان کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کیلئے 9ویں برسی کل 16 دسمبر بروزہفتہ کو فیصل ۱ٓباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل ۱ٓباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت ملک بھر میں انتہائی احترام سے منائی جائے گی اور تمام مساجد میں خصوصی دعاؤں سمیت قرآن خوانی کا بھی انعقاد کیاجا ئے گا۔

مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے برسی کے حوالے سے کہاکہ آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کے بدترین سانحہ کے 9سال مکمل ہونے کے باوجودابھی تک اس کا درد قوم کا ہر فرد اپنے دل میں شدت سے محسوس کررہاہے نیز پاکستانی قوم اپنے معصوم شہید طلبا اور انکے اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی

جن کے خون نے دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے عزم کو تقویت دی لہٰذایوم شہدا انکی قربانیوں کو خراج عقیدت اور یادوں کو تازہ کرنے کیلئے انتہائی اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم پورے عزم و جذبے کے ساتھ اپنے معصوم شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

دوسری جانب فیصل آبادمیں بھی آج 16 دسمبر کو شہدا آرمی پبلک سکول کی عظیم قربانیوں کی یاد میں مختلف پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔

ڈویژن بھر میں شہیدوں کی تصاویر اور دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم پر مبنی ہورڈنگز،سٹیمرز اور بینرز آویزاں کئے جارہے ہیں جبکہ مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں،سیاسی، سماجی، مذہبی، دینی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قومی یکجہتی ایونٹس کا انعقاد بھی یقینی بنایاجائے گا۔

Web Desk

Comments are closed.