نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو ڈے میچ میں ایک وکٹ سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

کرائسٹ چرچ۔15دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ میڈی گرین نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور اس عمدہ کارکردگی پر ان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ندا ڈار کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والی فاطمہ ثنا نے ناقابل شکست 90 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی تاہم وہ گرین شرٹس کو فتح نہ دلا سکیں ۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 221 رنز کا مطلوبہ ہدف 48.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان ویمنز ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 220 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ویمن ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 221 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی طرف سے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے ناقابل شکست 90 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔ نتالیہ پرویز 39 اور ناجیہ علوی 32 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے کپتان سوفی ڈیوائن نے 3اور فران جونز اور مولی پنفولڈ نے دو، دو جبکہ لیہ طہو اور ہننا رو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم 221 رنز کا مطلوبہ ہدف سخت مقابلے کے بعد 48.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میڈی گرین 83 اور سوزی بیٹس 74 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں۔ پاکستان ویمنز کی طرف سے غلام فاطمہ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔یوں میزبان خواتین ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں سخت مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔میڈی گرین کو شاندار بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.