انڈر 19 ایشیا کپ ، یو اے ای نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

دبئی۔15دسمبر (اے پی پی):اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں یو اے ای نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، یو اے ای کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 182 رنز پر آئوٹ ہوگئی، پاکستانی فاسٹ بائولر عبید شاہ کی 4 وکٹیں اور کپتان سعد بیگ کی نصف سنچری بھی اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکی، یو اے ای کے کپتان آیان افضل خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جمعہ کو آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں یو اے ای کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47.5 اوورز میں 193 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کپتان آیان افضل خان 55 ، اوپننگ بلے باز اریناش شرما 46 اور ایتھان ڈی سوزا 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بائولر عبید شاہ نے 44 رنز کے عوض 4 اہم وکٹیں حاصل کیں، علی اسفند اور عرفات منہاس نے دو دو جبکہ عامر حسن اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یو اے ای اے 194 رنز کے بظاہر آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم 50 ویں اوور کی تیسری بال پر 182 رنز پر آئوٹ ہوگئی،

کپتان سعد بیگ نے 52 بالوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، اذان اویس 41اور عامر حسن 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر آئوٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر شامل حسین صفر، شاہزیب خان 11، ریاض اللہ 4، عرفات منہاس 8، نجب خان 3 اور محمد ذیشان 10 رنز بنا سکے، علی اسفند 16 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یو اے ای کی طرف سے ایمان احمد اور ہارڈک پائی نے دو دو جبکہ عمید رحمان، دھروو پراشار اور عمار بادامی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں یو اے ای کا بنگلہ دیش کے ساتھ اتوار 16 دسمبر کو مقابلہ ہوگا۔

Web Desk

Comments are closed.