سرسید یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام جاب فیئر 2025 کاانعقاد
کراچی، سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹر فار گائیڈنس کیریئر پلاننگ اینڈ پلیسمنٹ کے زیرِ اہتمام جاب فیئر 2025 کا انعقاد کیا جس میں 100 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی اور طلباء کو معلومات کے تبادلے اور تیاری، اور ملازمتوں کے حصول کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے اسٹالز لگائے۔ تقریب کے شرکاء میں سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر منور حسین، رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی، علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے کنوینئر، انجینئرمحمد ارشد خان، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی، نائب صدر طارق حسین (کاٹی)، سابق نائب صدر ماہین سلمان (کاٹی)، پاکستان بزنس گروپ کے صدر ناصر علی شیخ، لکی ٹیکسٹائل کے ایڈوائزر مینجمنٹ، حسن پراچہ، پاپا کے نائب صدر شجاع الحق، سلمان (کاٹی)، جاوید ملک (کاٹی)، حبا خان (پاکستان بزنس گروپ)، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر، ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچر، پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی، ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس، پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف، کنوینر گائیڈنس سینٹر، سراج خلجی، پاکستان انجینئرنگ کونسل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے عہدیداران، چیئرمین کمپیوٹر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد، انڈسٹری لنکیجز آفیسر کفیل الرحمان سمیت طلباء، فیکلٹی، کاٹی ممبران اور دیگر کی بڑی تعداد شامل تھی۔کاٹی کے صدر جنید نقی نے فیتہ کاٹ کر جاب فیئر کا افتتاح کیا۔
کاٹی کے صدر جنید نقی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کمپنی آپ کو ملازمت نہیں دیتی تو انٹرن شپ کے لیے کوشش کریں۔ انڈسٹری سے جڑے رہیں تاکہ آپ کو کارپوریٹ کلچر سے واقفیت حاصل ہوسکے۔ اس سے آپ کی مہارت میں اضافہ ہوگا اور
کمپنی کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ جامعات کو انڈسٹری کی ضروریات کے لحاظ سے گریجویٹس تیار کرنا چاہئے اور ساتھ ہی فیکلٹی کی تربیت کا بھی اہتمام کرنا چاہئے۔ جب تک اکیڈمیا، انڈسٹری سے نہیں جُڑے گی ترقی کی رفتار تیز نہیں ہوگی۔جامعات کے طلباء ہی جدت لاسکتے ہیں تاہم جامعات کے نصاب کو انڈسٹری کی ضروریات سے جوڑنا بہت ضروری ہے۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین نے کہا کہ جاب فیئر ایک ایساپلیٹ فارم ہے جو صنعتی و کاروباری اداروں اور طلبا کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔۔اس کے ذریعے جامعہ اور صنعتی اداروں کے مابین موثر روابط استوار ہوتے ہیں جس کی وجہ سے طلباء کے لئے ملازمتوں کا حصول آسان ہوجاتا ہے۔ایسے فورم طلباء کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتا ہے۔
کاٹی کی سابق نائب صدر ماہین سلیمان نے کہا کہ یہ ایک اچھی علامت ہے کہ ہمارے پاس پرجوش نوجوان ہیں جو نئے اور جدید آئیڈیاز اور علم پر مبنی ہنر کے ساتھ صنعت میں زبردست تبدیلی لا سکتے ہیں۔ یہ فورم صنعت کو متعلقہ ہنرمند نوجوان فراہم کرتا ہے۔
سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے کہا کہ نئی راہیں ابھر رہی ہیں۔ آج طلباء کے پاس پہلے سے زیادہ مواقع ہیں۔ ٹیکنالوجی تیزی سے بدل رہی ہے۔ جاب فیئر کسی بھی کمپنی کے لیے پبلک ریلیشن ایجنسی کے طور پر کام کرتا ہے۔ جاب فیئرکے ذریعے فوری ملازمت کا حصول ممکن ہے کیونکہ یہ فورم، ادارے اور طلباء دونوں کو یہ جانچنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے لیے کس حد تک سودمند ہیں۔
فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر نے کہا کہ یہ ایونٹ طلباء کے کیریئر میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر طلباء اپنے منفرد پراجیکٹس کے لیے نئے آئیڈیاز بھی لے کر آتے ہیں۔ جاب فیئر طلباء کو انٹرن شپ اور روزگار فراہم کرنے کا ایک بہترین فورم ہے۔
فیکلٹی آف سول انجینئرنگ اینڈ آرکیٹیکچر کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی نے کہا کہ جب تک اکیڈمی صنعت سے نہیں جڑے گی، ترقی کی رفتار تیز نہیں ہوگی۔ سرسیدیونیورسٹی جاب فیئر میں تمام نامور کمپنیاں اور ادارے ایک ہی چھت کے نیچے آتے ہیں اور آپ کو اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ اپلائیڈ سائنس کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف نے کہا کہ جاب فیئر طلباء کو صنعت سے جوڑنے اور صنعتی اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملنے کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کررہی ہے جو ان کے لیے ملازمتوں کا حصول آسان کرتے ہیں۔ جاب فیئرز کے ذریعے طلباء اپنے کیرئیر کے لیے مفید مشورے اور رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔شعبہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے چیئرپرسن ڈاکٹر شکیل نے اظہارِ تشکرپیش کیا۔

Comments are closed.