گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ڈی آئی خان میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا اعلان

ڈیرہ اسماعیل خان 16نومبر2023: گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے ڈی آئی خان میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے وائس چانسلر کے ایم یو اورکمشنر ڈی آئی خان کو ایک ماہ میں کیمپس کے قیام سے متعلق معاملات حل کرنے اورکے ایم یو کیمپس کو عارضی طور پر کرایہ کی عمارت میں شروع کرنیکی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ ڈی آئی خان میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کیمپس کا قیام اس علاقے کی ضرورت ہے۔ڈی آئی خان دور دراز پسماندہ ضلع ہے،یہاں کے عوام کو تمام طبی سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روزہ دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوسرے روز گومل میڈیکل کالج کے 5 ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر نے گومل میڈیکل کالج میں ڈینٹل بلاک کا بھی افتتاح کیا۔ تقریب میں سابق نگران صوبائی وزیرعبدالحلیم قصوریہ،مولاناعبیدالرحمن، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ظفرالاسلام خٹک، ریجنل پولیس آفیسرناصرمحمودستی، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان منصورارشد، ڈپٹی کمشنر ٹانک محمدشعیب، وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرضیاء الحق،چیف ایگزیکٹیو ڈین گومل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر نسیم صباء،فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اور والدین نے شرکت کی۔ گورنرنے اس موقع پر سیشن 2009-13 اور 2017-22 کے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے 50 طلباء وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں اور بہترین کارکردگی پر 18 طلباء وطالبات کو گولڈ میڈلز /سلورمیڈلز/برونزمیڈلزپہنائے۔گولڈمیڈلز حاصل کرنے والوں میں 9 طلباء اور 9 طالبات شامل تھیں۔تقریب سے وائس چانسلر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرضیاء الحق نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈین گومل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرنسیم صباء نے گورنر اوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کالج کی مجموعی کارکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی اور سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ انہوں نے گورنرحاجی غلام علی کا شکریہ ادا کیاکہ مصروفیات کے باوجود وقت نکال کر کالج کی کانووکیشن میں شرکت کی اور اعلی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کیلئے گورنرکے وژن کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے ادارے کی کارکردگی کو سراہا اورکامیاب طلباء وطالبات، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کے مسائل سے آگاہ ہیں، مسائل کو حل کرنے اور عوام کو بہترین طبی سہولتیں دینے کے لیے نہ صرف کوشاں ہیں بلکہ ہسپتالوں کو بہترین انفراسٹرکچر اورجدیدٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے فارغ التحصیل طلباء طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ اپنی عملی زندگی میں داخل ہوچکے ہیں،آپ لوگوں نے مریضوں کے علاج معالجہ کے ساتھ ہسپتالوں کی بہتری کیلئے بھی کام کرنا ہے، مریض کی عزت اور خوداری کا احترم بطور ڈاکٹر آپ کے لیے اولین فرض ہے۔ جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی، اب یہ آپ کا فرض بنتا ہے کہ اپنے اس فریضہ کو بہترین طریقے سے ادا کرنے کے لے اپنے پیشہ وارانہ کیئریر کومزید بڑھا ئیں اورنکھاریں کیونکہ دکھی انسانیت کا دل میں درد رکھنا اور خدمت کا جذبہ رکھنا ہی کامیابی کی علامت ہے۔ شعبہ طب سے وابستہ افراد کوموجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ تحقیق سے روشناس ہونا چاہیے۔میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء وطالبات پر عملی زندگی میں بھاری ذمہ داریاں ہیں، بطور ڈاکٹر اپنے پیشہ سے مخلص رہیں،عوام کی نوجوان ڈاکٹرز سے بہت امیدیں وابسطہ ہیں،ڈاکٹرزپر فرض ہے کہ اپنی ذمہ داری کو عبادت سمجھ کر ادا کریں اورمریضوں کے ساتھ بہترین برتاؤ کریں۔انہوں نے کہا کہ عزت و احترام اور شائستگی کو اپنے زندگیوں اور رویوں میں یقینی بنائیں۔ غریب عوام کے علاج معالجہ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں اس سے آپکو دنیا و آخرت میں کامیابی ملے گی اور دلی سکون بھی ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں ڈاکٹر ز اپنی پیشہ ورانہ مہارت میں کسی سے کم نہیں اور اس حقیقت کی تصدیق بیرون ملک ہمارے ڈاکٹرز کی بڑھتی ہوئی مانگ ہے۔انہوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ ہرشعبہ زندگی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں اور اس امر پر زور دیا کہ ہم سب نے ملکر اس ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار کرنا ہوگا۔گورنرنے گومل میڈیکل کالج کی انتظامیہ اور فیکلٹی اراکین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ گومل میڈیکل کالج نے وقت کے ساتھ ساتھ جس طرح اپنے تعلیمی معیار کو نکھارا ہے اورنصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں منعقد کی ہیں یہ قابل ستائش ہیں اور صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن لینے پر گومل میڈیکل کالج کی ڈین، فیکلٹی اراکین، انتظامیہ کو مبارکباد پیش بھی کی۔علاوہ ازیں دورہ ڈیر اسماعیل خان کے دوسرے روز گورنر حاجی غلام علی محمد ظفر جلیل مستی خیل کی دعوت پر ان کے رہائش گاہ پنیالہ فارم ہاوس بھی گئے. محمد ظفر جلیل مستی خیل کی جانب سے گورنر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا. اس موقع پر سابق نگران صوبائی وزیر عبدالحلیم قصوریہ، عصمت اللہ خان مستی خیل، ممتاز خان، عبدالشکور سمیت بزنس کمیونٹی اور سرکاری حکام بھی موجود تھے. گورنر نے شاندار مہمان نوازی پر محمد ظفر جلیل کا شکریہ ادا کیا۔

Web Desk

Comments are closed.