لاہور۔16دسمبر (نمائندہ عسکر):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی نویں برسی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔
ہفتہ کو اپنے پیغام میں گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں نے 9 سال قبل آرمی پبلک سکول پشاور میں سفاکیت کی بدترین مثال رقم کی۔قوم کے دل آج بھی سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا کی یاد میں رنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے معصوم بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنا کر تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا۔
افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہدا نے پوری قوم اور اداروں کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں یکجا کیا اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔
Comments are closed.