کراچی 16 دسمبر (نمائندہ عسکر): وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے سندھ کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں۔ ضلع گھوٹکی میں بچوں کے لئے ناقص اور مضر صحت تیل سے چپس بنانے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا ۔ یہ مضر صحت چپس سندھ کے مختلف اضلاع میں سپلائی کئے جاتے تھے۔ چپس بنانے کے پانچ کارخانے بند کردئیے گئے جبکہ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے گھوٹکی ہی میں مضر صحت کھلا تیل فروخت کرنے والا ایک ڈپو بھی بند کردیا۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مضر صحت چپس بنانے والوں اور کھلا تیل فروخت کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کئے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بچوں کے لیے مضر صحت اشیاء بنانے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے سندھ بھر میں مضر صحت کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدیں ہیں۔
Comments are closed.