وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں پاکستان پیپلز پارٹی نے دھابیجی اکنامک زون شروع کیا تاکہ دنیا بھر سے سرمایہ کاری کو راغب اور مدعو کیا جائے، پاکستان کو طویل المدتی معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے، ہمارا ملک زرعی ملک ہے اور ہمارے پاس قیمتی قدرتی معدنیات بھی ہیں۔
کراچی
17 جولائی 2023ء
وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی صورتحال میں پاکستان پیپلز پارٹی نے دھابیجی اکنامک زون شروع کیا تاکہ دنیا بھر سے سرمایہ کاری کو راغب اور مدعو کیا جائے، پاکستان کو طویل المدتی معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے، ہمارا ملک زرعی ملک ہے اور ہمارے پاس قیمتی قدرتی معدنیات بھی ہیں۔ سندھ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرے گی، سندھ میں ٹرانسپورٹ ،توانائی اور ، زراعت ،آبپاشی، مواصلات اور دیگر شعبوں میں بہت ترقی ہوئی ہے، بہت جلد یہ حکومت مدت پوری کرے گی اور اگلے انتخابات میں انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی جیتے گی۔
سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کو جوڑنے والی پارٹی ہے اور اتحاد ، یکجہتی اور مفاہمت پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کو ملک کے تمام صوبوں کے عوام پسند کررہے ہیں اور ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی کامیابی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو ایک میز پر بٹھانے کی صلاحیت پیپلز پارٹی کی قیادت میں ہے، اب ملک کو ایک اچھے ماحول میں لانا ہے، آج سے چار سال پہلے نفرت کا پودا لگایا گیا تھا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج اسرائیل کھل کر پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو بچانے کی کوششیں کررہا ہے، عمران کو ملک سے باہر نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران کو انسانی حقوق کے نام پر ملک سے باہر بھیجنے کی سازش ہورہی ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں ہمارے ملک کے خلاف مہم برائے معاوضہ (paid campaign)چل رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لئے اسمبلی توڑنے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے بیانات کو سنجیدہ نہیں لینا چاہئے کیونکہ یہ الیکش سے پہلے ماحول کو گرمانے کی کوشش ہے ، لیکن ہماری پارٹی کی لیڈر شپ مفاہمت چاہتی ہے، نہ ہم کبھی ڈرے ہیں نہ ڈریں گے، فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ جس کو مسترد کریں گے وہ رجیکٹ ہوگا جس کو پسند کریں گے وہ جیتے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کسی بھی جرم کے خلاف ایکشن لیتی ہے اور لے رہی ہے۔ لاڈلے کے خلاف شواہد کے باوجود کارروائی نہیں ہورہی اس نے آج تک ایک رات لاک اپ میں نہیں گزاری ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں بہت جلد نئے لوگ بھی شامل ہونے کے بھرپور امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچے میں پولیس کے جوان ڈاکووں سے لڑرہے ہیں۔ ڈاکووں کے پاس جدید اسلحہ ہے ۔ ڈاکوؤں سے مقابلے کے لئے پولیس کو بھی جدید اسلحہ کی منظوری دیدی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنر صاحب کے اچھے کاموں کی تعریف ہونی چاہئے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات ائین اور قانون کے مطابق ہونگے۔
لاڈلا کچھ خاص لوگوں کا لاڈلا ہے جن سے اسے ضمانت پہ ضمانت ملتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہت بہتری آئی ہے ۔
انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق میں بھی آئے گی تو تمام صوبوں میں این آئی سی وی ڈی اور سائبر نائف جیسی صحت کی سہولیات کا دائرہ وسیع کرے گی۔
Comments are closed.