پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا۔ ابوظہبی بندرگاہ آمد پر پاکستان کے سفارتی عملے اور میزبان بحریہ کے اعلیٰ حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔
بندرگاہ کے دورے کے دوران پی این ایس سیف کے کمانڈنگ آفیسر نے ڈپٹی کمانڈر یو اے ای نیول فورسز اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے عوام کے لیے بالعموم اور میزبان بحریہ کے لیے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پی این ایس سیف نے پاکستان کا یوم آزادی متحدہ عرب امارات میں منایا. اس سلسلے میں جہاز پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان کے دفاعی اتاشی اور پاکستانی سکول کے بچوں نے شرکت کی۔
بندرگاہ پرقیام کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج نے متعدد دو طرفہ سرگرمیوں میں حصہ لیا جن میں بحری جہازوں اور عسکری تنصیبات کے دورے اور کوآرڈینیشن میٹنگز شامل تھیں۔ دورے کے اختتام پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے جہاز ”صلاحا” کے مابین دو طرفہ بحری مشق کا انعقادکیا گیا۔
پی این ایس سیف کاحالیہ دورہِ متحدہ عرب امارات سے دونوں برادر ممالک کے مابین سفارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
Comments are closed.