پشاور(ایم-الیاس):خیبر پختونخواہ نگران کابینہ کیلئے11ناموں کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کی تعداد 15تک رکھنے پر غور کیا جارہا ہے۔جن ناموں کی منظوری دی جا چکی ہے ان میں بعض کے قلمدان کا بھی فیصلہ ہو چکا ہے تاہم کابینہ کے تمام ارکان کی منظوری کے بعد وزارتیں دینے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں متوقع نگران کابینہ کے ارکان ڈاکٹر سرفرازعلی شاہ، انجینئر انجم بہرہ ور خان،سابق وزیر اعلیٰ پرویزخٹک کے پرنسپل سیکرٹری محمد اشفاق، جسٹس (ر)ارشادقیصر، ڈاکٹر ریاض انور، عامر عبداللہ، آصف رفیق آفریدی، انجینئر عامر ندیم درانی اورڈاکٹر نجیب اللہ نے نگران وزیر اعلیٰ اعظم خان سے ملاقات کی۔ملاقاتوں کا یہ سلسلہ صبح سے5بجے تک جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق نئی نگران کابینہ میں گزشتہ کابینہ کے صوبائی وزیر اطلاعات میاں فیروز جمال شاہ کاکا خیل اور سید مسعود شاہ کے ناموں کی بھی منظوری دی جا چکی ہے۔ذرائع کے مطابق آج جمعرات کو وزیر اعلیٰ کیساتھ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات گنڈا پور نے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ نئی نگران کابینہ کی تعداد15تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جس پر غور کیا جارہا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلد ہی مزید ناموں کی بھی منظوری دی جائے۔ ذرائع کے مطابق پشاور سے تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی کے صاحبزادے کا نام بھی زیر غور ہے تاہم تاحال ان کی کلیئرنس نہیں دی جاچکی ہے۔
Comments are closed.