
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستانی نڑاد امریکیوں سے کہا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع ترمواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، توانائی، کان کنی اور زراعت سرمایہ کاری کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ان منصوبوں میں پورے اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کریں اور میسر مواقعوں سے مکمل طور پر مستفید ہوں۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں موجود پاک-امریکن کمیونٹی پہلے ہی مختلف شعبوں جن میں مہمان نوازی، ہوٹل انڈسٹری، صحت کے مراکز اور ہسپتال، ٹیلی فونی، میڈیکل ٹرانسکرپشن اور بلنگ، تشخیص، فن ٹیک، ہیلتھ ٹیک اور ٹیلی میڈیسن کے کاروبار میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سرمایہ کاری کو مزید بڑھایا جائے۔ انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پاکستان اور پاکستان امریکہ تعلقات کے مستقبل میں سرمایہ کاری کریں
سفیر پاکستان مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار دورہ شکاگو کے دوران پاکستانی نڑاد امریکی کاروباری و پیشہ ور افراد اور کمیونٹی رہنماؤں کے ساتھ دو مختلف نشستوں اور ڈی پال یونیورسٹی شکاگو میں پاکستانی اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا
سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان امریکی کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک پل کی مانندہیں جو دو طرفہ تعلقات میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو ملک کی جانب راغب کرنے ، دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور عوامی روابط کے فروغ کے ضمن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کا فعال کردار انتہائی اہم ہے۔
شکاگو میں پاکستانی قونصل جنرل کی رہائش گاہ پر پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مسعود خان نے امریکہ میں مختلف شعبوں میں پاکستانی نڑاد امریکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی ایک پل کی مانند نہ صرف دونوں ممالک کو آپس میں ملا رہی ہے بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بھی گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
مسعود خان نے کمیونٹی رہنماوں پر زور دیا کہ وہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ، کاروباری برادری کو ملانے، نیٹ ورکنگ اور دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے حوالے سے فعال کردار ادا کریں۔اس موقع پر رکن کانگریس جوناتھن جیکسن نے بھی پاکستانی امریکی کمیونٹی کی امریکی معاشرے کے لیے خدمات کو سراہا اور پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنا وقت اور توانائی مثبت طریقے سے برؤے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی ترقی اور امریکی معاشرے میں ان کے انضمام کے دونوں ملکوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ممتاز پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت اور چیسٹ نٹ ہیلتھ کے سی ای او عمیر سراج کی جانب سے سفیرکے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے کے موقع پر اوپن (آرگنائزیشن آف پاکستانی انٹرپرینوئرز) شکاگو کی کاروباری شخصیات کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیاور کاروبار موافق نظام سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔
مسعود خان نے کہا کہ ہم کاروباری اداروں کو پروان چڑھانے اور نئے منصوبہ جات شروع کرنے کے لیے آپ کی مدد اور تعاون کیلیے ہمہ وقت حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی سہولت کاری اور ان کو مراعات کی فراہمی غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کا بنیادی جزو ہے۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے کاروباری عوامل کو ہموار کرنے اور ملک میں منافع بخش کاروباری منصوبے شروع کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آء ایف سی) کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔
حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو فراہم کردہ مراعات کا ذکر کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں آئی ٹی برآمدات پر انکم ٹیکس کریڈٹ، رجسٹرڈ ٹیک اسٹارٹ اپس پر صفر انکم ٹیکس، وینچر کیپیٹل فنڈز کے لیے ٹیکس کی چھوٹ، منافع اور سرمایہ کاری کی 100 فیصد واپسی، ترجیحی طور پر تجارتی قرضوں کی پیشکش ہماری حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
زرعی شعبے میں دی جانے والی مراعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو زرعی منصوبے کا 60 فیصد رکھنے کی اجازت ہوگی، جب کہ کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کے لیے 100 فیصد ہولڈنگ رائٹس قابل قبول ہوں گے۔علاوہ ازیں ڈی پال یونیورسٹی شکاگو کی پاکستانی اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے ساتھ ملاقات میں مسعود خان نے طلباء سے کہا کہ وہ دو طرفہ تعلقات کے مستقبل کے معمار ہیں۔
مسعود خان نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنا وقت اپنی پڑھائی کے لیے وقف کریں، امریکہ کے بھرپور تعلیمی ماحول سے سیکھیں اور پاکستان کی معیشت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں
سفیر پاکستان نے طلباء سے کہا کہ مستقبل کے رہنماوں کی حیثیت سے انہیں اپنا وقت اور توانائی نئی ٹیکنالوجیز خصوصاً جنریٹو آرٹفیشل انٹیلی جنس، کارپوریٹ زراعت اور جدید صنعتی تبدیلیوں میں مہارت حاصل کرنے میں صرف کرنی چاہیے۔ مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنا ان کے لیے نئی مہارتیں سیکھنے اور تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی روابط استوار کرنے کا بہترین موقع ہیڈی پال یونیورسٹی میں پاکستانی اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے سفیر پاکستان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ طلباء کی سفیر پاکستان سے ملاقات انکے لیے رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔
Comments are closed.