کراچی 17 دسمبر (نمائندہ عسکر): نگران وزیر برائے ریونیو ، صنعت و تجارت محمد یونس ڈاگھا نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز پاکستان (آباد ABAD) کے دفتر میں ریونیو اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن اور آن لائن فیسیلٹیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر نگران وزیرِ برائے ریونیو، صنعت و تجارت محمد یونس ڈاگھا نے کہا کہ نگران سندھ حکومت نے ریونیو اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن اور آن لائن خدمات کی فراہمی کے لئے آباد کے دفتر میں ہی فیسیلٹیشن سینٹر قائم کردیا ہے۔ جس کے تحت آباد کے اراکین اب اپنے دفتر میں بیٹھ کر بھی اپنی درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں اور اپنی درخواستوں کی بابت آن لائن آگاہی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای- سروس کی خدمات سندھ کے تمام ریونیو دفاتر جن میں ڈپٹی کمشنر ،اسسٹنٹ کمشنرز اور مختار کار کے دفاتر شامل ہیں میں مہیا کردی گئی ہیں اور اب صوبے کے عوام ان دفاتر میں اپنی درخواستیں آن لائن جمع کرواسکتے اور اپنی مطلوبہ دستاویزات بذریعہ کوریئر گھر بیٹھے حاصل کرسکتے ہیں۔محمد یونس ڈاگھا نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے زریعے ریونیو میں شفافیت کے ساتھ کام مکمل ہوگا اور صارفین کی مشکلات کم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن کے زریعے ہم پورے سندھ کی اراضی کے ریکارڈ کو بھی کمپیوٹرائزڈ کررہے ہیں اس عمل سے کسی کی بھی اراضی کی ملکیت کے ریکارڈ کو ہیر پھیر کے زریعے بدلا نہیں جاسکے گا اور اب کسی کو اس کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ایپ کے زریعے ہم 10 مختلف طرح کی خدمات فراہم کررہے ہیں جن میں سے ایک ڈومیسائل کی فراہمی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ای۔سروسز کے نام سے جو کام ہم محکمۂ صنعت و تجارت اور بورڈ آف ریونیو سندھ میں کررہے ہیں اسے مزید صوبائی محکموں تک بھی وسیع کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت کے مختصر وقت میں مہیا کئے جانے سے یہ ثابت ہوگیا کہ کم وقت میں گورننس کو بہتر بنانے کے اقدامات کے لئے کس جذبے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب سندھ بورڈ آف ریونیو کی زمینوں کو آکشن کے زریعے فروخت کیا جائے گا تاکہ سندھ کے عوام کا پیسہ سندھ کے عوام کے پاس رہے۔محمد یونس ڈاگھا نے کہا کہ نگران سندھ حکومت نے اینٹی انکروچمنٹ کے کام میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے اور قیمتی قبضہ شدہ اراضی واگزار کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نگران حکومت اپنی مختصر مدت میں اپنے کام کو مکمل کرلے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کام تو امرِ الٰہی ہے ہم اس کام کو انجام دینے کا زریعہ ہیں لہذا ہمارا جذبہ درست ہوگا تو کام بھی اچھا ہوگا۔محمد یونس ڈاگھا نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ریونیو الاٹمنٹ پالیسی بنارہا ہے اور بہت جلد یہ پالیسی نگران کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ای۔سروس کے زریعے دفتروں میں غیر ضروری آنے جانے کو کم کردیا گیا ہے جس سے صارف کی پریشانی کم ہوگی اور آن لائن اس کی درخواست افسران بھی مانیٹر کررہے ہوں گے اور تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسر کی جواب دہی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جو نظام وضع کیا ہے اس سے بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا۔نگران وزیر محمد یونس ڈاگھا نے کہا کہ تعمیرات کا شعبہ ہمارے جی ڈی پی کو بہت مستحکم کرسکتا ہے لیکن اس طرف توجہ کی ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسیشن نگران حکومت کا اختیار نہیں ہے۔اس موقع پر آباد کے پیٹرن انچیف محسن شیخانی اور چیئرمین آصف سم سم نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ سندھ حکومت نے تعمیراتی شعبے کے نمائندہ ادارے آباد کے دفتر میں فیسیلٹیشن سینٹر قائم کرکے ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے ۔مقررین نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے زریعے اراضی کی ملکیت میں ہیر پھیر کا خاتمہ ممکن ہوگا اور یہ منصوبہ گیم چینجر ہے اور اس کا فائدہ پورے شہر صوبے اور ملک کے عوام کو ہوگا۔ اس فیصلے سے لوگوں کی تکالیف کم ہونگی، ان کے جائز حق کا تحفظ ہوگا اور پاکستان ترقی خوشحالی سے ہمکنار ہوگا۔تقریب میں پیٹرن انچیف آباد محسن شیخانی، چیئرمین آباد آصف سم سم ،آباد کے دیگر عہدیداران اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سندھ زاہد علی عباسی، ممبر آر ایس اینڈ ای پی عباس بلوچ، کراچی کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے جب کہ حیدرآباد ، سکھر اور سندھ کے دیگر اضلاع کے افسران آن لائن بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر سندھ بورڈ آف ریونیو کے افسران نے حاضرین کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔
Comments are closed.