آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

پرتھ۔17دسمبر (اے پی پی):آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 450 رنز کا ہدف دیا ، عثمان خواجہ اور مچل مارش نے نصف سنچریاں سکور کیں ، پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، سعود شکیل 24 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، مچل مارش پلیئر آف دی میچ قرار پائے ، اتوار کو پرتھ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 84 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو عثمان خواجہ 34 اور سٹیون سمتھ 43 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، سٹیون سمتھ 45 رنز بنانے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب تراوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، عثمان خواجہ اور مچل مارش نے پانچویں وکٹ میں 126 رنز کی شراکت قائم کی ، عثمان خواجہ 90 رنز بنانے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، اس موقع پر آسٹریلیا نے 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی ، مچل مارش 63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے تین جبکہ عامر جمال اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، پہلی اننگز میں 216 رنز کی برتری کی بدولت میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 450 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور پہلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق 2 رنز بنانے کے بعد مچل سٹارک کی گیند پر ایلیکس کاری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 17 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر ایلیکس کاری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، اگلے اوور میں مچل سٹارک نے امام الحق کو 10 کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ، بابر اعظم ایک بار پھر اپنا روایتی کھیل پیش نہ کر سکے اور 14 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر ایلیکس کاری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، سرفراز احمد پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر مچل مارش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، آغا سلمان 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف بھی 5 رنز بنانے کے بعد نیتھن لائن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، اسی اوور میں نیتھن لائن نے عامر جمال کو صفر پر کلین بولڈ کر دیا ، سعود شکیل نے سب سے زیادہ 24 رنز بنائے ، انہیں جوش ہیزل ووڈ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا ، اگلی گیند پر ہیزل ووڈ نے خرم شہزاد کو صفر پر آؤٹ کر کے پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا ، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 89 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ، جوش ہیزل ووڈ اور مچل سٹارک نے تین ، تین جبکہ نیتھن لائن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Web Desk

Comments are closed.