پی ٹی ڈی سی کاپاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں تصویری نمائش کا اہتمام،سلام پاکستان فوٹوگرافی مقابلے کی57 دلکش تصاویر پیش

اسلام آباد۔17دسمبر (نمائندہ عسکر):پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی)نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایک روزہ تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔ اتوار کو معروف کوہ پیما نذیر صابر اور پی ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے تصویری نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔

نمائش میں سلام پاکستان فوٹوگرافی کے کامیاب مقابلے کی57 دلکش تصاویر پیش کی گئیں۔ پہاڑی علاقوں میں سیاحتی مقامات اس فوٹوگرافی مقابلے کا خاص مرکز تھے جبکہ مختلف سیاحتی مقامات کی عکاسی کرنے والی دلکش تصاویر کی نمائش کی گئی جس نے متنوع اور پرجوش حاضرین کی توجہ حاصل کی۔

سلام پاکستان فوٹوگرافی کے کامیاب مقابلے کے بعد نمائش میں57 تصاویر رکھی گئیں۔ یہ مقابلہ انٹرنیشنل مائونٹین ڈے کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا جہاں لوگوں نے دو کیٹیگریز پروفیشنل اور امیچور میں اپنی تصاویر آن لائن جمع کرائیں جبکہ چار رکنی جیوری نے فاتح کا فیصلہ کیا۔

پروفیشنل کیٹیگری میں کل378 جبکہ امیچور کیٹیگری کے لیے110 انٹریز موصول ہوئیں۔ محمد اسمر حسین نے پروفیشنل کیٹگری اورمشاہد حسین نے امیچور کیٹیگری میں پہلی پوزیشنز حاصل کیں۔ جیتنے والوں کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

یہ نمائش پاکستان کے قدرتی عجائبات کی تشہیر سیاحت کے فروغ اور ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے کو منانے کے لیے پی ٹی ڈی سی کے عزم کی عکاس ہے۔

Web Desk

Comments are closed.