گلگت: وزیر اعلی گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز و کامرس ذبیح اللہ نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پاپولیشن فنڈ اور کنیڈا حکومت کے تعاون سے تعمیر شدہ جدید اسٹیٹ آف دی آرٹ یوتھ ریسورس سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر رکن گلگت بلتستان اسمبلی فتح اللہ خان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، یو این ایف پی اے کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لوائے شبانہ، سیکریٹری تعمیرات گلگت بلتستان سبطین احمد، سیکریٹری سماجی بہبود و امور نوجوانان فدا حسین، سیکریٹری خوراک و اطلاعات عثمان احمد، ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی صفدر خان، ڈاکٹر محمد علی ملک ڈپٹی سیکریٹری وزیر اعظم یوتھ پروگرام، اے کے آر ایس پی کی نمائندہ یاسمین قلندر، نیوٹیک کی نمائندہ خصوصی سلمی نے شرکت کی۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان کے معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز و کامرس ذبیح اللہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی قیادت میں صوبائی حکومت نوجوانوں کوسیاسی، سماجی اور معاشی طور پر با اختیار بنانے اور انہیں روزگار کے مواقع کے حصول کیلئے ہنر مند بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہمیں گلگت بلتستان کے روشن مستقبل کیلئے نوجوانوں کو جدید علوم سمیت مختلف مہارتوں میں تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے جدید سہولیات سے لیس تربیتی مراکز کا قیام ناگزیر ہے اور محکمہ امور نوجوانان گلگت بلتستان کی نئی نسل کو ڈیجیٹل لیٹریسی اور انٹرپرینورشپ کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے مجھ جیسے نوجوان کو محکمے کی ذمہ داری دیکر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو آگے لانے اور با اختیار بنانے پر یقین رکھتی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری سماجی بہبود و امور نوجوانان فدا حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں یو این ایف پی اے اور حکومت کنیڈا کے تعاون سے قائم جدید ریسورس سنٹر میں نوجوانوں کو مختلف سکلز سکھانے سمیت انکی کونسلنگ کیلئے بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور انٹرپرینورشپ سے وابستہ طلباء کو مفت بجلی اور انٹرنیٹ کے علاوہ کو ورکنگ اسپیس بھی مہیا کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی تکنیکی صلاحیتیں کو بروئے کار لاتے ہوئے باعزت روزگار کے مواقع تلاش کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو اگر پیشہ وارانہ استعداد کے مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریسورس سنٹر میں نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کی جائیگی اور انہیں نیٹ ورکنگ اور کیریر کونسلنگ کیلئے بھی سہولیات فراہم کی جائینگی۔
چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے طلباء کیلئے جدید ریسورس سنٹر کے قیام میں تعاون فراہم کرنے پر حکومت کنیڈا اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پاپولیشن فنڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے باصلاحیت نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے خطے اہمیت گلگت بلتستان کے معاشی استحکام کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔نوجوانوں کو ہنرمند اوربا اختیار بنانے کیلئے جدید ڈیجیٹل سکلز سے روشناس کرانا لازمی ہے۔ گلگت بلتستان حکومت مختلف شعبوں میں جدت پر مبنی مہارتوں میں نوجوانوں کی تربیت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ پیشہ وارانہ مہارتوں پر فروغ دینے اور نوجوانوں کو تعلیم کیساتھ ہنرمند بنانے سے ہمیں مستقبل میں باصلاحیت افرادی قوت میسر ہوگی۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پاپولیشن فنڈ کے کنٹری ہیڈ ڈاکٹر لوائے بشانہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان مستقبل کے رہنما ہیں اور انہیں مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کرکے ان کی صلاحیتیں نکھاری جا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ برائے پاپولیشن گلگت بلتستان میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے مزید اقدامات بروئے کار لائے گا
Comments are closed.