اوتھل 18فروری : ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ نے منگل کے روز گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول اوتھل کے میٹرک امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی عمل کا جائزہ لیا انہوں نے مختلف کمروں کا معائنہ کرتے ہوئے امتحانی شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کیں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے امتحانی مراکز میں نگرانی کے عمل کا بغور جائزہ لیا اور امتحانی عملے کو امتحانات کے دوران نقل کے مکمل خاتمے کے لیے مزید مستعدی سے کام کرنے کی ہدایت کی انہوں نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی محنت اور قابلیت پر بھروسہ کریں اور نقل جیسے غیر قانونی ذرائع پر انحصار نہ کریں

ڈپٹی کمشنر حمیرہ بلوچ نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے نقل کا رجحان تعلیمی معیار کو بری طرح متاثر کرتا ہے اور اس کے مکمل خاتمے کے لیے ضلع بھر میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی ہدایات کے تحت تمام امتحانی مراکز میں سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور نقل مافیاء کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے اگر کسی کو امتحانی ضوابط کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے امتحانی عملے کو تاکید کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ نبھائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ نقل کے خاتمے کے لیے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ طلبہ کی حقیقی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سخت محنت اور ایمانداری ہی کامیابی کی کنجی ہے طلبہ کو نقل جیسے منفی رجحانات سے گریز کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے اور اس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں انہوں نے امتحانی عملے، اساتذہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی تعلیمی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ وہ اپنی محنت کے بل بوتے پر کامیابی حاصل کر سکیں اور بلوچستان کا نام روشن کریں۔
Comments are closed.