ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ عوام تک بہترین و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔
(کوئٹہ/18 جولائی،: ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ عوام تک بہترین و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے کھانے پینے کی مختلف اشیاء میں ملاوٹ کے خاتمے اور صوبے بھر میں اعلیٰ معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی ایف اے نے صوبہ بھر میں فوڈ سیفٹی کے ضوابط اور طریقوں کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں ان اقدامات کو مزید تقویت دینے کے لیے اتھارٹی نے حال ہی میں قابل و اعلیٰ تعلیم یافتہ آفیسران و اہلکاران بھرتی کیے ہیں جن میں فوڈ سیفٹی آفیسرز، لیب ٹیکنالوجسٹ، فوڈ سیفٹی سپروائزرز اور انٹرنز شامل ہیں، جنہیں صوبے کے مختلف ڈویژنوں میں مربوط حکمت عملی کے ساتھ تعینات کیا جائے گا۔ ان کی بنیادی ذمہ داری فوڈ سیفٹی کے سخت معیارات کو نافذ کرنا،اشیاء خوردونوش کے مراکز کا باقاعدگی سے معائنہ کرنا اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ضوابط کی تعمیل کی نگرانی کرنا ہوگی۔ ڈائریکٹر جنرل کے مطابق نئے آفیسران کی تعیناتی کا مقصد بلوچستان کے کونے کونے تک بی ایف اے کی رسائی کو بڑھانا اور صحت بخش خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کو ختم کرنے اور صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کیلئے ادارہ دن رات کام کرے گا، اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے اتھارٹی کے پرانے و نئے آفیسران دیگر محکموں، اسٹیک ہولڈرز اور عوام کے ساتھ مل کاوشوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاکہ فوڈ سیفٹی کلچر اور ذمہ دارانہ فوڈ ہینڈلنگ کو فروغ دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائیوں کا بنیادی مقصد فوڈ انڈسٹری میں شفافیت، جوابدہی اور مسلسل بہتری کے کلچر کو فروغ دینا ہے، انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ یا حفاظتی خلاف ورزیوں کے کسی بھی واقعہ کی بی ایف اے کو اطلاع دے کر ہماری کوششوں میں ساتھ دیں کیونکہ مل کر کام کرنے سے ہی ہم بلوچستان میں ہر ایک کے لیے محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
Comments are closed.