کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے گزشتہ 45 دنوں میں 2.7 بلین مالیت کا سمگل شدہ سامان ضبط کرلیا

کوئٹہ/کراچی: کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کی جانب سے وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق انسداد اسمگلنگ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ گزشتہ 45 دنوں کی کارکردگی کے نتیجے میں 278 کامیاب کارروائیوں میں 2.7 ارب مالیت کا سمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا۔ اس وسیع آپریشن کے دوران منشیات، ایرانی ڈیزل، چھالیہ، گٹکا، خشک دودھ، نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، کاسمیٹکس، پلاسٹک کے دانے، الیکٹرانکس اور چینی، کھاد وغیرہ جیسی اشیائے ضروریہ کی بیرونی اسمگلنگ سمیت متعدد اسمگل شدہ اشیاء کو ضبط کیا گیا۔ مختلف چوکیوں، گوداموں اور دیگر مقامات قبضے میں لیے گئے۔کلکٹر محمد اسماعیل ، ایڈیشنل کلکٹر عمرشفیق کی نگرانی میں اے سی، ڈی سیز کی قیادت میں فیلڈ انفورسمنٹ یونٹس اور موبائل اسکوارڈز نے کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ کے چیف کلکٹر عبدالقادر میمن نے سمگلنگ کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ پرعزم کارروائی ممبر کسٹمز آپریشنز زیبا حئی اظہر کی خصوصی ہدایات کے مطابق کی جا رہی ہے اور مستقبل کے آپریشنز میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا اور مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ایک اہم پیش رفت میں، حال ہی میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ میں ایک جدید کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو فرنٹیئر کور (ایف سی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں کے ذریعے مختلف راستوں پر گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے گا۔ ایجنسیوں، مزید برآں کلکٹریٹ نے ضروری اشیاء کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ایف بی آر کی جانب سے نئے تیار کردہ اسٹریک (آن لائن تصدیقی نظام) کو مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے اور صوبہ بلوچستان میں چینی کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ یہ اقدام اشیاء ضروریہ کی نقل و حرکت پر مکمل نظر رکھے گا اور سمگلنگ و ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایک موثر ہتھیار ثابت ہوگا۔ کلکٹر محمد اسماعیل نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اسمگلنگ کے خلاف کوششوں کے نتیجے میں نہ صرف اسمگل شدہ اشیا کو بھاری مقدار میں پکڑا گیا ہے بلکہ ملک کے اندر معاشی استحکام کو تقویت دینے میں بھی مدد ملی ہے۔ ان اقدامات سے ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، ڈالر کی قدر نیچے، چینی و دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بھی کم ہورہی ہیں۔اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیاں ملک کے معاشی منظر نامے پر مثبت اثرات کی نشاندہی کرتی ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے، ایف سی، آئی بی، پولیس اور لیویز کے تعاون کو بھی سراہا۔

Daily Askar

Comments are closed.