ملتان۔ 18 نومبر (اے پی پی):وفاقی محتسب نے انشورنس کمپنی کو 30روز کے اندر دوکروڑ روپے سے زیادہ کا کلیم ادا کرنے کاحکم جاری کردیا۔ مرزا عظمت بیگ نامی سائل نے وفاقی محتسب ریجنل آفس ملتان میں درخواست دائر کی تھی کہ ان کے بھائی مرزا شفقت بیگ نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سے سال 2018 میں 25 لاکھ روپے سالانہ ادائیگی کی بنیاد پر دو کروڑ روپے کی ایک انشورنس پالیسی خریدی تھی جس کے بعد ان کا سال 2020ء میں انتقال ہوگیا تھا، متعلقہ انشورنس کمپنی سے رابطہ کیا گیامگر تین سال گزرنے کے بعد بھی مذکورہ کلیم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔
سینئر انویسٹگیشن آفیسر وفاقی محتسب ملتان ڈاکٹر زاہد ملک نے انشورنس کمپنی سے جواب طلب کرلیا۔ دوران تفتیش انشورنس کمپنی نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ پالیسی ہولڈر اس پالیسی کے اجراء کے وقت مختلف عوارض کا شکار تھے لیکن انہوں نے یہ معاملات کمپنی سے پوشیدہ رکھے جس کی بنا پر ان کاکلیم مسترد کیاگیا ، وفاقی محتسب نے اپنے فیصلے میں تحریر کیا کہ مذکورہ پالیسی مرحوم کے اس کے میڈیکل چیک اپ کے بعد دی گئی تھی اورکمپنی کے منظور شدہ ڈاکٹر نے خود چیک اپ کیا اور انہیں صحت مند قراردے کر پالیسی جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شکایت گزار کوسنے بغیر اس کو حق سے محروم کردینا بدانتظامی ہے۔ انہوں نے انشورنس کمپنی کے موقف کو قوانین کی خلاف ورزی بھی قراردیا۔
Comments are closed.