پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں کی بنیاد مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور عوامی روابط ہیں،چیئرمین سینیٹ کا پیغام

اسلام آباد۔18دسمبر (نمائندہ عسکر):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں کی بنیاد مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور عوامی روابط ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے قومی دن کے موقع پر قطر کی قیادت اور عوام کے نام اپنے پیغام میں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔

پیرکو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جار ی بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی اور کہا کہ ترقی اور امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے، قطر کی قیادت نے خطے کی ترقی اور قیام امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتوں کی بنیاد مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور عوامی روابط ہیں۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے قطری امیر اور ان کی قیادت کے لیے گہرے احترام کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے امت مسلمہ کی حقیقی آواز بنتے ہوئے مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد پہچان حاصل کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کھیلوں، سرمایہ کاری اور تجارت میں قطر کی کامیابیوں کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے منتظر ہیں، جو دونوں ممالک کے لیے مزید خوشحال مستقبل کا باعث بن سکتی ہے۔

Web Desk

Comments are closed.