بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے، عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، حافظ طاہر محمود اشرفی

پشاور۔ 18 دسمبر (نمائندہ عسکر): وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ممالک ومشرق وسطی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حج اسلام کے پانچ اہم ترین ارکان میں سے ایک ہے، حکومت اگلے سال پاکستانی عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔ پیر کو پشاور میں تعظیم الحرمین الشریفین کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حکومت کی موثر معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد رواں سال حج کے اخراجات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام پاکستان کے سفیروں کی طرح ہیں، وہ سعودی عرب کے قواعد و ضوابط اور قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ اور سدا بہار دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک مذہب، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں اور خادم حرمین شریفین کا بے پناہ احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے حج کے مجموعی انتظامات کو سراہتے ہوئے حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ عازمین حج کی تربیت پر توجہ دیں تاکہ وہ حج کے دوران مقدس سرزمین میں رہ کر زیادہ سے زیادہ سعادتیں حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے، اس کے مسائل محنت، عزم اور خود احتسابی کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔ حافظ طاہر اشرفی جو پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بقائے باہمی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کےلیے ضروری ہے،

پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، پاکستان کے پاس معاشی طاقت بننے کے تمام وسائل موجود ہیں اور پاکستان مذہبی سیاحت کو فروغ دے کر کروڑوں ڈالر کی بھاری آمدنی کما سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کے علاوہ پاکستان صدیوں پرانی سندھ اور گندھارا تہذیبوں کا گھر ہے، اس کے علاوہ بہت سے دیگر مذہبی سیاحتی مقامات کو اگر ڈیجیٹل میڈیا پر مناسب طریقے سے دکھایا جائے تو ملک کے لیے معاشی تبدیلی آسکتی ہے۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے،پاکستان اور افغانستان کے دشمن عناصر دونوں ممالک کے درمیان دراڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ پر مظالم فوری بند ہونے چاہئیں، فلسطینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے،ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ حج کے دوران عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں گے۔

قبل ازیں ایسوسی ایشن کے چیئرمین جمال خان ترکئی نے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں آئندہ حج کے لیے ایسوسی ایشن کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی تقریباً 904 کمپنیاں حج آپریشنز کےلیے وزارت مذہبی امور میں رجسٹرڈ ہیں اور ان کےلیے تقریباً 50 فیصد حج کوٹہ مختص ہے۔ انہوں نے مہمان خصوصی کو روایتی چوغا اور کلا (پگڑی) بھی پیش کی۔

Web Desk

Comments are closed.