اسلام آباد۔18دسمبر (نمائندہ عسکر): وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے پیر کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے دو طرفہ اہمیت کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے مقبوضہ فلسطین بالخصوص غزہ کی مخدوش صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے جنگ بندی کی فوری ضرورت، محاصرہ ختم کرنے، غزہ کے لوگوں کو طبی سامان سمیت بلاتعطل انسانی امداد کی فراہمی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی بنیاد پر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششوں کے دوبارہ آغاز پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے 15 دسمبر کو جنوب مشرقی ایران میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں متعدد ایرانی سکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا جو علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ایک اجتماعی چیلنج ہے۔ دونوں وزراء خارجہ نے تاریخ اور ثقافت سے جڑے پاکستان ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
Comments are closed.