متحدہ عرب امارات، پرائیویسی کی خلاف ورزی اور راز افشا کرنے پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ و قید کی سزا مقرر
ابوظہبی ۔18دسمبر (اے پی پی): متحدہ عرب امارات میں پرائیویسی کی خلاف ورزی اور راز افشا کرنے پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانے اور قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق ابوظہبی میں عدالتی و قانونی امور سے متعلق آگاہی مرکز کی جانب سے ’مسؤولیہ‘ کے عنوان سے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جس کا مقصد لوگوں کو قانونی معاملات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنا ہے۔
آگاہی مرکز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں قانون کی دفعہ 44 کی وضاحت میں سائبرکرائم کی مد میں درج مقدمات کے حوالے سے بتایا کہ افواہ پھیلانا اور کسی کی غلط طریقے سے تشہیر کرنا قانونی جرم ہے جس کی 6 ماہ قید اور ڈیرھ لاکھ سے 5 لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا مقرر ہے، دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں تاہم اس کا نفاذ جرم کی نوعیت اورعدالتی فیصلہ پرہے۔
قانون کے مطابق سائبرکرائم کے تحت جو امور قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں ان میں کسی کی آڈیو، وڈیو یا ٹیلی فونک گفتگو، تصاویر ، خبریں یا ذاتی معلومات کو خواہ وہ درست بھی کیوں نہ ہوں اسے نقصان پہنچانے کے ارادے سے عام کرنا جرم ہے، حادثے میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کی تصاویر ان کے لواحقین کی باقاعدہ اجازت کے بغیر شائع یا نشر کرنا بھی سائبرکرائم کےزمرے میں آتاہے، کسی کی آڈیو، وڈیو یا تصویر میں تبدیلی اس مقصد سے کرنا کہ اس کی شہرت یا ذات کو نقصان پہنچے اس صورت میں ایک سال قید اور ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ مقرر ہے۔
Comments are closed.