گورنر خیبرپختونخوا کا مدت ملازمت مکمل کرنیوالے پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانہ سے خطاب

پشاور۔ 18 دسمبر (نمائندہ عسکر): گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ریٹائرڈ ہونیوالے وائس چانسلرز کو انکی تعلیمی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائس چانسلرز صرف یونیورسٹی نہیں بلکہ معاشرے میں ایک باوقار مقام رکھتے ہیں،وائس چانسلرز کا میرے نزدیک انتہائی عزت و احترام کا رشتہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ مدت ملازمت مکمل کرنیوالے پبلک سیکٹرز یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے صوبہ کی یونیورسٹیوں سے حالیہ ریٹائرڈ ہونیوالے 7 وائس چانسلرز کو گورنر ہاس مدعو کیا۔تقریب میں نگران صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر قاسم جان بھی شریک تھے۔گورنر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں وائس چانسلر کوہاٹ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سردار خان، وائس چانسلر عبدالولی خان یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر ظہور الحق، وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد خان، وائس چانسلر بنوں یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خیر الزمان سمیت متعلقہ افراد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخواحاجی غلام علی نے کہا کہ وائس چانسلر کا بطور ٹیم لیڈر یونیورسٹی میں انتہائی اہمیت کا کردار ہوتا ہے، سبکدوش ہونیوالے تمام وائس چانسلرز کو اپنی کامیابیوں و ناکامیوں پر نظر دوڑانا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ چانسلر آفس اور صوبائی حکومت کی جانب سے ہمیشہ یونیورسٹی کی بہتری کیلئے وائس چانسلرز کی مکمل معاونت کی جاتی ہے، وائس چانسلر کو تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے طلبا وطالبات، یونیورسٹی ملازمین کو ساتھ لیکر چلنا پڑتا ہے۔تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر نجی ذاتی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہو سکے۔اس موقع پرگورنر نے مدت ملازمت مکمل کرنیوالے وائس چانسلرز کو انکی خدمات کے اعزاز میں تعارفی شیلڈز بھی پیش کیں۔

ریٹائرڈ ہونیوالے وائس چانسلرز نے اپنے اعزاز میں پروقار ظہرانہ اور عزت افزائی پر گورنر خیبرپختونخوا کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپنی پوری محنت و دیانتداری سے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنایا،مالی نامساعد حالات کے باعث جامعات میں مسائل اور یونیورسٹی ملازمین کیجانب سے احتجاج و ناراضگی کی صورتحال سے بھی دوچار ہونا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے عرصہ تعیناتی کے دوران کوشش رہی کہ مالی و تعلیمی نظم و ضبط برقرار رکھیں۔

Web Desk

Comments are closed.