اسلام آباد 18 دسمبر (نمائندہ عسکر): تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ مختلف کارروائیوں میں اسلام آباد پولیس نے 358 ملزمان سے 16کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا۔ ان میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر،نقب زنی، چوری،گاڑی و موٹرسائیکل چوری کے ملزمان شامل ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے ماہ نومبر میں 45 گاڑیاں، 82 موٹرسائیکل برآمد کئے۔ 45 جرائم پیشہ گروہوں کے 114 ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے نومبر میں 232 منشیات فروشوں سے 60 کلوگرام چرس، 77 کلوگرام ہیروئن، 1460 گرام آئس، 1054 بوتلیں شراب برآمد کی۔ اسلام آباد پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں 160 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان ملزمان سے 12 کلوشنکوفیں وبندوقیں، 132 پسٹل معہ بھاری ایمونیشن برآمد کیا۔ اسلام آباد پولیس نے ماہ نومبر میں سنگین و دیگر مقدمات کے 334 اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ اسی طرح بھکاریوں کے ایک سہولت اکر سمیت 788 بھکاریوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ گزشتہ مہنیوں کی نسبت جرائم کی شرح میں بتدریج کمی ہورہی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق پکار 15، آئی سی ٹی 15 ایپ پر اطلاع دیں۔ آئیں ہم سب مل کر اپنے شہر کو امن کا گہوارہ بنائیں۔
Comments are closed.