بلوچستان فوڈ اتھارٹی اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کا خاتمہ اور صوبہ بھر میں لوگوں کو محفوظ و صحت بخش خوراک کی فراہمی کا مشن جاری رکھے گی۔

 

کوئٹہ 19جون:۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کا خاتمہ اور صوبہ بھر میں لوگوں کو محفوظ و صحت بخش خوراک کی فراہمی کا مشن جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی نے نئے تعینات ہونے والے فوڈ سیفٹی آفیسرز، لیب ٹیکنالوجسٹس اور فوڈ سیفٹی سپروائزرز سے تعارفی اجلاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ تعارفی اجلاس کا مقصد نئے تقررہ آفیسران و آفیشلز کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وژن، مشن اور مقاصد سے متعارف کرانا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی نے اجلاس کے دوران بلوچستان میں خوراک کی حفاظت کے طریقوں اور معیار کو یقینی بنانے میں بی ایف اے کے کردار کی اہمیت پر زور دیا جبکہ انہوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور ذمہ داریوں بارے بھی نئے آفیسران و آفیشلز کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں نئے تعینات ہونے والے آفیسران کے لیے چار روزہ تربیتی سیشن کا بھی آغاز کیا گیا۔ سیشن کے پہلے دن ڈائریکٹر بی ایف اے محمد اسحاق نے شرکاء کو بہتر ٹیم ورک اور اس حوالے سے مثبت حکمتِ عملی کے تحت کام کرنے کی اہمیت بارے جامع بریفنگ دی۔اس موقع پر نئے بھرتی ہونے والے افسران کی جانب سے بھرپور لگن اور خلوص نیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا اعادہ کیا گیا۔ نئے آفیسران نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مشن کو بہتر انداز میں آگے بڑھانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے تاکہ بلوچستان کے باشندوں کو صحت بخش اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ مزید برآں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے نئے آفیسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آپس میں مل کر کام کریں اور بلوچستان بھر میں فوڈ سیفٹی کی صورتحال کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ چار روزہ تربیتی پروگرام میں نئے بھرتی شدہ آفیسران و اہلکاران کو بی ایف اے ایکٹ 2014، آپریشنز کے مختلف مراحل، رجسٹریشن و لائسنسنگ کے طریقہ کار، بی ایف اے ریگولیشنز اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجرز (ایس او پیز) سمیت بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشنز بارے معلومات و ہدایات فراہم کی جائیں گی۔

Daily Askar

Comments are closed.