محتسب پنجاب کے حکم پر 43طالبعلموں کوفزیوتھراپی کا امتحان دینے کی اجازت مل گئی

0

 

محتسب پنجاب کے حکم پر 43طالبعلموں کوفزیوتھراپی کا امتحان دینے کی اجازت مل گئی
لاہور19جولائی:……محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے 43 طالب علموں کو فزیو تھراپی کا امتحان دینے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد ولید، محمد عاصم،بسمہ انیس اور دیگرطالب علموں نے دفترمحتسب پنجاب کو درخواست دی تھی کہ وہ پریمیئر انسٹی ٹیوٹ چونگی امرسدھو،فیروز پور روڈ لاہور میں ڈاکٹرآف فیزیکل تھراپی کے طالب علم ہیں۔اس ادارہ کاتعلیمی الحاق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے تھا، جب انہوں نے داخلہ لیا تھا تو اْس وقت چار بیج زیرِ تعلیم تھے مگرتقریباً ایک سال بعد کالج نے انہیں مطلع کیا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آبادکی جانب سے الحا ق ختم کردیا گیا ہے جس کی بناء پر اْن کا تعلیمی مستقبل داؤ پرلگ چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کالج اور یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی الحاق میں تعطل کے باعث اْن کا تعلیمی سلسلہ رک گیا ہے جس سے ان کا مستقبل تاریک ہوسکتا ہے۔طالب علموں نے التجا کی کہ ان کا تعلیمی مستبقل محفوظ بنایا جائے۔
دفتر محتسب پنجاب کے ریجنل آفس لاہور کے ایڈوائزر نے تحقیقات کر کے متاثرہ طالب علموں کو امتحان دینے کی اجازت دلائی جس سے ان طالب علموں کا قیمتی سال ضائع ہونے سے بچ گیاہے۔دفتر محتسب پنجاب کی کوششوں سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے متاثرہ طالب علموں کو لاہور کے مختلف کالجز میں اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے اورامتحان دینے کی اجازت دے دی ہے۔متاثرہ طالب علموں نے تعلیمی مستقبل محفوظ کرنے میں معاونت پر دفترمحتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭

Daily Askar

Comments are closed.