ہمارا مقصد اور ہدف پی ٹی وی پر علاقائی زبانوں کی برابر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی بولان پر ”ہزارگی زبان“ کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب

کوئٹہ۔19دسمبر (نمائندہ عسکر): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے پی ٹی وی بولان پر ”ہزارگی“ زبان میں نشریات کے آغاز پر ہزارہ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مقصد اور ہدف پی ٹی وی پر علاقائی زبانوں کی برابر نمائندگی کو یقینی بنانا ہے، پی ٹی وی بولان پر ہزارگی زبان کی نشریات ہزارہ برادری کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پورا ہو رہا ہے، پی ٹی وی بولان کی نشریات اب عام انٹینا کے ذریعے دور دراز علاقوں تک دیکھی جا سکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پی ٹی وی بولان پر ”ہزارگی زبان“ کے پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پی ٹی وی بولان پہلے ہی بلوچی، پشتو اور براہوی زبانوں میں اپنی نشریات پیش کر رہا ہے جبکہ آج ہزارہ برادری کے دیرینہ مطالبہ پر ہزارگی زبان میں بھی نشریات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی بولان کی نشریات کیبل اور سیٹلائٹ پر پہلے سے موجود تھیں، یہ نشریات عام انٹینا کے ذریعے بھی دیکھی جا سکیں گی جس سے دور دراز علاقوں کے لوگ مستفید ہو سکیں گے جو سولر اور انٹینا کے ذریعے پی ٹی وی بولان کی نشریات دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے اس اقدام کی حوصلہ افزائی کی۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے رواں ماہ پی ٹی وی ملتان کی نشریات کا دورانیہ بڑھا کر 24 گھنٹے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ری براڈ کاسٹ سینٹرز کے ٹرانسمیٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ہے، پہلے 22 ری براڈ کاسٹ سینٹرز کام کر رہے تھے اب کان میترزئی میں مزید ایک ری براڈ کاسٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے جس سے ان کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ری براڈ کاسٹ سینٹرز لوگوں تک پی ٹی وی کی نشریات پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پی ٹی وی بولان پر علاقائی زبانوں کی برابر نمائندگی یقینی بنانا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.