پاکستان کا ثقافتی تنوع اور تابندہ روایات وفاق کی قوت کا ذریعہ ہیں،ہزاروں سال کی تہذیب کا مسکن بلوچستان اپنی درخشاں روایات کا امین ہے، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

کوئٹہ۔19دسمبر (نمائندہ عسکر): نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان وفاق کی حیثیت سے اپنی ثقافتوں ، روایات اور زبانوں کے تنوع سے تقویت حاصل کرتا ہے، بلوچستان کا اصل سرمایہ اس کے لوگ اور یہاں کی تہذیب ہے، ہزاروں سال کی تہذیب کا مسکن بلوچستان درخشاں روایات کا امین ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن کےہزارگی زبان کے افتتاحی پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہزارگی زبان میں پی ٹی وی نشریات شروع کرنے پر دلی خوشی محسوس کررہاہوں ۔اس خطے میں پشتو ، بلوچی ، ہزارگی اور فارسی زبانیں موجود ہیں۔ بلوچستان میں بولی جانے والی ایک اور زبان کو قومی سطح پر اجاگر کیا جارہا ہے۔ بلوچستان میں میڈیا صنعت کو فروغ دینا ہماری ترجیح ہے۔ ہزارہ برادری کے ساتھ ہماری قربتیں پرانی ہیں۔ بلوچستان اور کوئٹہ میں ہزارہ برادری کی ایک پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری میں ایک بڑی تعداد دہشت گردی کا شکار ہونے والےشہدا کی ہے۔ دہشت گردوں نے بلوچستان کے ہر طبقے کو نشانہ بنایا ہے۔ دہشت گردی کا مقابلہ ہم سب نے مل کر کرنا ہے۔ بلوچستان کا اصل سرمایہ یہاں کے لوگ اور تہذیب ہیں۔ بلوچستان میں رہنے والی تمام برادریوں کو یکساں حقوق میسرہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ثقافتی شناختوں کا امتزاج ہے جو ایک دوسرے کو مضبوطی سے تھامتے اور مربوط کرتے ہیں۔دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان بھی نسلوں اور قبائل کا ایک بھرپور امتزاج ہے جہاں ان کی ثقافتیں اور اقدار بلوچ روایات سے جڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے بلوچستان کی ہزارہ برادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ اور صوبے کی ترقی میں ان کا کردار اہم ہے۔ ہزارہ برادری کی نمایاں شخصیات میں سابق گورنر بلوچستان جنرل (ر) محمد موسیٰ، سردار سادات اور بریگیڈیئر خادم حسین شامل ہیں جنہوں نے اپنی دیانتداری کی وجہ سے عزت حاصل کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے چیلنج کا مقابلہ کرنے پر ہزارہ برادری کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی سے ملک کے تمام طبقات متاثر ہوئے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد سے قوم ان عناصر کو شکست دے سکتی ہے جو برادریوں میں تفرقہ اور تفریق پیدا کرتے ہیں۔

نگران وزیراعظم نے بلوچستان اور پاکستان کو امن کاگہوارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امن سے فنون لطیفہ کو فروغ ملتا ہے۔ وزیراعظم نے ہزارہ برادری کو ان کی علاقائی زبان میں پی ٹی وی کے پروگرام کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باصلاحیت کمیونٹی اس پلیٹ فارم کو استعمال کرکے اپنی خوبصورت ثقافت کواجاگر کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ایک تاریخی اثاثہ ہے جس نے اپنے شاندار پروگراموں کے ذریعے قوم میں پذیرائی حاصل کی۔ انہوں نے ادارے کی ترقی کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پی ٹی وی بولان کے نئے لوگو کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی خطاب کیا۔

ہزارگی کے شاعر قادر نیل نے ہزارگی زبان کے پروگرام کے تاریخی آغاز پر وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس نے علاقائی زبان کے پروگراموں کے گلدستے میں ایک خوبصورت اضافہ کیا ہے۔ گلوکارہ زیبا نوری نے ہزارگی لوک گیت گایا اور روایتی بلوچی لباس میں ملبوس بچوں نے ہزارگی گانوں کی دھنوں پر رقص پیش کیا۔

Web Desk

Comments are closed.