سپریم کورٹ نے حلقہ بندی چیلنج کرنے کی درخواست خارج کردی

اسلام آباد۔19دسمبر (کورٹ رپورٹر): سپریم کورٹ نے حلقہ بندی چیلنج کرنے کی درخواست خارج کردی ۔منگل کے روز قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نےبلوچستان کے حلقہ پی بی 12 میں حلقہ بندی سے متعلق نظرثانی درخواست پر سماعت کی۔سماعت پر درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ انتخابی حلقہ بندی کے حوالے سے غلط فیصلہ کیا گیا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن پروگرام جاری ہو چکا اب کچھ نہیں ہو سکتا، انفرادی درخواستوں پر فیصلہ دینے لگ گئے تو الیکشن عمل متاثر ہو گا۔قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے درخواست گزار کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ ملک میں استحکام نہیں چاہتے،عام انتخابات کی تاریخ آنا معمولی بات نہیں، تااریخ آنے سے ملک میں تھوڑا استحکام آیا ہے،

انتخابات میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ فاضل جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کسی کو الیکشن تاخیر کا شکار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد انتخابی حلقہ بندیاں تبدیل نہیں ہو سکتی ۔

Web Desk

Comments are closed.