اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو پی سی بی نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 17 رکنی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کیا جس میں شاداب خان کو خراب پرفارمنس اور انجری مسائل کے باعث شامل نہیں کیا گیا۔
ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں شاداب خان نے کہا کہ منتخب ہونے والے تمام کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں، میں اپنی انجری سے تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہوں اور جلد ہی چار روزہ کرکٹ کھیلنا شروع کروں گا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ہمارے ہاں ٹیم سے ڈراپ ہونے والوں کے حق میں منتخب ہونے والوں کو ناپسند کرنے کا کلچر ہے، آئیے مثبت رہیں اور شاہین کی قیادت میں تمام کھلاڑیوں کو سپورٹ کریں۔
Comments are closed.