جنوبی افریقہ نے بھارت کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 8 وکٹوں سے شکست دیدی، ٹونی ڈی زورزی کی شاندار سنچری

سینٹ جارج۔19دسمبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ نے بھارت کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسان مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے بھارت کا 212 رنز کا ہدف 43ویں اوور میں محض دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، ٹونی ڈی زورزی کو شاندار سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا،دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔ منگل کو سینٹ جارج پارک میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،

بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.2 اوورز میں 211 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، اوپنر سائی سدھرشن نے 83 بالوں پر 62 اور کپتان کے ایل راہول نے 64 بالوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی، ارشدیپ سنگھ 18، رینکو سنگھ 17 اور سنجو سیمسن 12 اور تلک ورما 10 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ دیگر بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ جنوبی افریقہ کے ناندرے برگر نے 30 رنز کے عوض 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، بیورن ہینڈرکس اور کیشو مہاراج نے دو دو جبکہ لیزارڈ ولیمز اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں جنوبی افریقہ نے بھارت کا 212 رنز کا ہدف 43ویں اوور میں دووکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں اوپننگ جوڑی ریزا ہینڈرکس اور ٹونی ڈی زورزی نے 130 رنز کی شراکت قائم کرکے فتح کی بنیاد رکھی،

ریزا ہینڈرکس 52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ٹونی ڈی زورزی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی شاندار سنچری سکور کی، وہ 122 بالوں پر 119 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 9 چوکے شامل ہیں، راسی وان ڈر داسن نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ اور رینکو سنگھ نے ایک ایک حاصل کی۔ جنوبی افریقہ کی اس فتح کے بعد تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے، سیریز کا فیصلہ کن میچ 21 دسمبر کو پارل میں کھیلا جائے گا۔

Web Desk

Comments are closed.