اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس کی ایپ 22 جون سے لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

0

کراچی
20 جون 2023
اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پیپلز بس سروس کی ایپ 22 جون سے لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اور این آر ٹی سی حکام کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی طفیل پلیجو، پراجیکٹ ڈائرکٹر پی ایس بی صہیب احمد اور پیپلز بس سروس کے آپریشنل مینیجر عبدالشکور آرائیں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پیپلز بس سروس کو انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت چلانے اور آن لائن سسٹم سے جوڑنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پیپلز بس سروس کی ایپ کے تحت سفر کرنے والے شہریوں کو گاڑی کی لوکیشن کا باآسانی پتہ چل سکے گا، صارفین آن لائن بکنگ، روٹ، کرایوں اور دیگر ضروری معلومات بھی حاصل کر سکیں گے، جبکہ ایپ کے ذریعے صارفین پیپلز بس سروس کے حوالے سے اپنی شکایات بھی براہ راست حکام بالا تک پہنچا سکیں گے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم کے تحت گاڑیوں کی مانیٹرنگ میں آسانی ہوگی، گاڑیوں میں سی سی ٹی وی کیمرا بھی نصب کئے جائیں گے، جبکہ گاڑیوں میں آڈیو سسٹم، یو ایس بی پورٹ، وائی فائی کمیونیکیشن سسٹم، ڈرائیور الارم بھی نصب ہونگے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 20 گرین بسز 20 آگست تک پاکستان پہنچ کر پیپلز بس سروس کا حصہ بن جائیں گی، اجلاس میں حیدرآباد میں ہالہ ناکہ سے کیسانہ موری تک پیپلز بس سروس چلانے پر غور کیا گیا، اجلاس میں لیاری ایکسپریس وے پر پیپلز بس سروس شروع کرنے کے حوالے سے مزید سروے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے الیکٹرک بسز کے چارجرز کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔
اجلاس میں بات کرتے ہوئے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ عوام کی بہترین، آرامدھ و سستی بس سروس کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائے جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی سفری تکالیف کو سمجھتی ہے اور ان تکالیف کا خاتمہ چاہتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص کے دیہی علاقوں کو پیپلز بس سروس کے ذریعے شہری علاقوں سے جوڑا جائے گا، اور اس سلسلے میں بھی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

Daily Askar

Comments are closed.