ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات،کراچی میں انتخابی فہرستوں میں آنے والی بےضابطگیوں کے ثبوت اور شواہد پیش کئے
*ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد کی الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات،کراچی میں انتخابی فہرستوں میں آنے والی بےضابطگیوں کے ثبوت اور شواہد پیش کئے*
*پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی پر ہے لیکن کراچی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے،ڈاکٹر فاروق ستار*
*پچھلے الیکشن میں ایک شخص کی انا کی خاطر سب کو بھینٹ چڑھایا گیا،ہماری جیتی ہوئی نشستیں بھی اس کے حوالے کی گئیں،ڈاکٹر فاروق ستار*
*ہم نے مردم شماری کی چوکیداری کرکے اپنا فرض پورا کردیا ہے،ہمیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر ہوں گے،ڈاکٹر فاروق ستار*
*کراچی۔۔۔20 جولائی 2023ء*
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں وفد نے الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کی۔ایم کیو ایم کے وفد میں حق پرست رکن قومی اسمبلی محمد ابو بکر شامل تھے۔ایم کیو ایم کے وفد نے الیکشن کمیشن حکام کو کراچی میں انتخابی فہرستوں میں آنے والی بےضابطگیوں کے ثبوت اور شواہد پیش کئے اور مردم شُماری پر تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے باہر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جعلی ڈومیسائل پر سب غیر مقامی افراد کو نوکریاں مل رہی ہیں جب کہ کراچی کا ڈومیسائل رکھنے والے مقامی افراد نوکریوں سے محروم ہیں،پاکستان کی ترقی کا انحصار کراچی پر ہے لیکن کراچی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے،کراچی کے عوام کو درست شمار نہیں کرکے نہ جانے کس کی خواہشات کو پورا کیا جارہا ہے،30 فیصد کراچی کے ووٹرز کو نکال کر کہیں اور پھینک دیا گیا ہے ہم نے اپنے تحفظات سے الیکشن کمیشن حکام کو آگاہ کرکے ثبوت پیش کر دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں ایک شخص کی انا کی خاطر سب کو بھینٹ چڑھایا گیا اور ہماری جیتی ہوئی نشستیں بھی اس کے حوالے کرکے وزیرستان اور فاٹا سے تعلق رکھنے والوں کو اچانک کراچی کی نشستوں سے منتخب کردیا گیا اسکے باوجود ہم نے جمہوریت کی خاطر اس کی حکومت کا ساتھ دیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران نیازی نے وزیراعظم سیلیکٹ ہونے کے بعد ایک دن بھی کراچی میں قیام نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مردم شماری کی چوکیداری کرکے اپنا فرض پورا کردیا ہے اب وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور دیگر کا فرض ہے کہ وہ ہمارا مقدمہ سنیں، ووٹر لسٹ کی بے ضابطگیوں کو درست کیا جائے،الیکشن کمیشن نے ہمیں یقین دہانی کروائی ہے کہ آپ کے مطالبات کو دیکھیں گے،کراچی کے لاکھوں ووٹرز کو دوبارہ اپنے حلقے میں شفٹ کیا جائے گا،ہم نے جو تحفظات یا شکایت نامے جمع کروائیں ہیں وہ صوبائی الیکشن کمیشن اور صوبائی الیکشن کمشنرز کے خلاف ہیں،کراچی کی ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے،یہ قبل از انتخابات دھاندلی ہے نئے انتخابات کی آمد ہے ہمارے پاس کراچی کے عوام کی شکایات آئیں ہیں کہ ووٹر لسٹوں میں ان کے نام ان کے مستقل پتہ پر نہیں ہیں، عوام کے ووٹ کو نکال کر پھینک دیا گیا ہے لوگوں کے نام نہ تو مستقل جگہ پر ہیں نہ ہی مستقل پتے پر عوام کے ووٹ کو دوسری جگہوں پر پھینک دیا گیا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پچھلے پندرہ برسوں سے سندھ بالخصوص کراچی کو لوٹ رہی ہے جس طرح کی مردی شماری ہوئی، ہر جگہ پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی ہے،کراچی ہر زبان بولنے والوں کا شہر ہے،ہم نے جعلی حلقہ بندیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا بائکاٹ کیا وڈیرے جاگیردار کراچی کو اپنی کالونی بناکر مہاجروں کو غلام بنانا چاہتے ہیں،پیپلز پارٹی کا رویہ متعصبانہ ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات نئی مردم شماری پر ہی ہونے چاہئیں،پندرہ سے بیس دن میں حلقہ بندی اور ووٹرز لسٹوں کا معاملہ حل ہوسکتا ہے،آگے آنے والی حکومت کیلئے بڑے چیلنجز ہونگے،ملک کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے بہت کچھ کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صبر کی انتہا ہوگئی ظلم بڑھ رہا ہے۔ ملک میں مزید انتظامی یونٹس بننے چاہیے، ہم نے کبھی سندھ کی تقسیم کی سیاست نہیں کی۔ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں پر ہوں جس پر وزیر اعظم نے ہمیں یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ہی ہونگے۔
Comments are closed.