عوام کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ اور قیام امن یقینی بنائیں گے، حاجی غلام علی
*عوام کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ اور قیام امن یقینی بنائیں گے، حاجی غلام علی*
*گورنر کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاورکا دورہ، باڑہ تحصیل میں پولیس سٹیشن پردھماکے میں زخمیوں کی عیادت کی،زخمیوں کو تمام ترطبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت*
*گورنر کا ریگی ماڈل ٹاؤن میں دہشتگردوں کے حملہ میں شہید ہونیوالے پولیس جوانوں کی پولیس لائینزپشاور میں جنازہ میں بھی شرکت، شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا، لواحقین سے تعزیت کااظہار*
*گورنر کی جنگ میڈیا گروپ کے زیراہتمام دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو 2023 میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، ایکسپو کا افتتاح کیا*
ہینڈآؤٹ۔221۔پشاور، 20 جولائی 2023ء
گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔عوام کے تعاون سے یہ جنگ پاکستان و ادارے جیتیں گے۔دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز و پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنرنے ایچ ایم سی دورہ کے دوران ضلع خیبر کی باڑہ تحصیل کمپاؤنڈ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔ نگران صوبائی وزراء حاجی فضل الٰہی، حاجی منظورآفریدی، شفیع اللہ خان، رحمت سلام خٹک اور سابق صوبائی وزیرمولانا امان اللہ حقانی بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔ گورنر اس موقع پر دھماکہ کے زخمی پولیس اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی ان کا حوصلہ بڑھایا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی، گورنر نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ہسپتال کے احاطہ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہسپتال میں تمام ڈاکٹر و پیرامیڈیکس کا مشکور ہوں جنہوں نے زخمیوں کی خدمت کی اور علاج معالجہ کی بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا سیکیورٹی فورسز و پولیس بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، انہوں نے کہا کہ قوم کو بھی اپنے اردگرد نظر رکھنی چاہئے، ملک دشمن قوتیں صوبہ سمیت ملک کا امن تباہ کرنیکی مذموم کوششیں کر رہے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہونگے، گورنرنے تحصیل باڑہ کمپاؤنڈ دھماکے میں شہیدہونیوالے پولیس اہلکاروں کی درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی بھی دعاکی۔قبل ازیں گورنر نے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پولیس پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملہ میں شہید ہونیوالے پولیس جوانوں کی پولیس لائینز پشاور میں نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ گورنر نے شہید پولیس جوانوں کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورلواحقین سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اورپسماندگان کیلئے صبرجمیل کی دعا کی، علاوہ ازیں گورنر نے پشاور میں جنگ میڈیا گروپ کے زیراہتمام دی نیوز ایجوکیشن ایکسپو 2023 میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور ایکسپو کا افتتاح کیا۔گورنر نے اس موقع پر ایکسپو میں بیرون ملک تعلیم کے حصول سے متعلق 30 سے زیادہ لگائے جانیوالے اسٹالز کا معائنہ کیا اور بیرون ملک حصول تعلیم کے مواقع سے متعلق ایکسپو کے انعقاد پر جنگ میڈیا گروپ کے اقدام کو سراہا۔گورنر نے ایجوکیشن ایکسپو میں صوبہ بھر سے شریک ہونیوالے جامعات کے طلباء و طالبات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ تعلیمی ایکسپو میں کینیڈا،آئرلینڈ اور برطانیہ جیسے ممالک کے کنسلٹنٹس نے بھی اسٹالزلگائے ہیں۔ گورنر اس موقع پر مختلف یونیورسٹیوں و تعلیمی اداروں کے اسٹالز پر موجود اساتذہ و طلباء وطالبات سے ملاقاتیں بھی کیں
Comments are closed.