گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ جمہوریت کا حُسن ہے

 

کوئٹہ 20 جولائی: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ جمہوریت کا حُسن ہے کہ اس میں کوئی شخص آئین اور قانون سے بالاتر نہیں ہوتا. انہوں نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور چوری و رہزنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ امن و تحفظ کے حوالے سے چوکنا رہے کیونکہ امن و امان کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سطح پر پائیدار امن قائم کرنے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کریں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ہوم) صالح ناصر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد پر صوبہ کے تمام حساس مقامات پر سیکیورٹی کے مزید سخت انتظامات کیے جائیں تاکہ ہم کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے دو چار نہ ہو. گورنر بلوچستان نے کہا کہ جمہوریت میں ریاست کے حاکمانہ اختیارات قانونی طور پر جمہور کو ہی حاصل ہوتے ہیں. حقیقی جمہوریت میں شاہ ہو یا گدا سب یکساں طور پر قانون کے پابند ہوتے ہیں لہٰذا حکومت کی آولین ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری اور ان کی بنیادی آزادیوں کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کریں کیونکہ معاشرہ میں پائیدار امن اور استحکام دراصل قانون کی بالادستی اور پاسداری سے مشروط ہے. انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ہمارے سیاسی اکابرین، علماء کرام و مشائخ اور سرکردہ قبائلی عمائدین کا انسانی اور قومی فریضہ ہے کہ وہ اقوام اور قبائل کے درمیان جھگڑوں اور تنازعات کو ختم کرنے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کریں ورنہ پورا صوبہ اس کے لپیٹ میں آسکتا ہے.

Daily Askar

Comments are closed.