سبی 20 اگست۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ امن امان کی بحالی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موثر سٹریٹیجی اپنانا ہوگی خاص طور سے پولیس کو روایتی پولیسنگ سے ہٹ کر جدت کے ساتھ سمار ٹ پولیسنگ کی جانب جانا ہوگا جس میں ٹیکنالوجی کااستعمال ضروری ہے تمام بڑے شہروں میں سیف سٹی کے رجحان کو اپناتے ہوئے عوام میں احساس تحفظ کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میں امن وامان کی صورتحال کے جائزہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی سبی علی شیر جھکرانی نے و زیراعلیٰ کو سبی شہر اور مجموعی طور پر پورے ڈویژن کی امن و امان کی صورتحال،پولیس کی کارکردگی اور اقدامات پر بریفنگ دی،کمشنر سبی شاہد سلیم،ڈپٹی کمشنر منصور احمد قاضی اور ایس ایس پی یوسف کریم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرامن ماحول میں شفاف انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کا مینڈیٹ اور اولین ترجیح ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے اس حوالے سے پولیس اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لائے اور عوام کا اعتماد بھی حاصل کرے اس موقع پر ڈی آئی جی سبی نے وزیراعلیٰ کو سیف سٹی پراجیکٹ کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
Comments are closed.