پاکستانی جامعات اور رھوڈز ٹرسٹ کے مابین تعلیمی روابط اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت

پاکستانی جامعات اور رھوڈز ٹرسٹ کے مابین تعلیمی روابط اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ، صدر مملکت

 

اسلام آباد۔20اکتوبر :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستانی جامعات اور رھوڈز ٹرسٹ کے مابین تعلیمی روابط اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی سفر میں طلباء کی رہنمائی سے ان کی صلاحیتوں کو پوری طرح سے نکھارنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو رھوڈز ٹرسٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد اور رھوڈز ٹرسٹ برطانیہ کی سی ای او الیزابیتھ کِس کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی جامعات اور رھوڈز ٹرسٹ کے مابین تعلیمی روابط اور تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستانی جامعات کو معروف عالمی جامعات بالخصوص آکسفورڈ یونیورسٹی کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رھوڈز ٹرسٹ کی جانب سے قیام پاکستان سے پاکستانی طلباء کو تعلیمی وظائف فراہم کرنا خوش آئندہے، رھوڈز ٹرسٹ کی جانب سے پاکستانی طلباء کو ان کے تعلیمی سفر میں معاونت اور مشاورت کرنا قابل تعریف ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تعلیمی سفر میں طلباء کو مشاورت دینے سے ان کی صلاحیتوں کو پوری طرح سے نکھارنے میں مدد ملے گی۔ رھوڈز ٹرسٹ کی سی ای او نے صدر مملکت کو تعلیمی شعبے اور پاکستانی طلباء کو وظائف کی فراہمی میں ٹرسٹ کے کردار کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جامعات اور آکسفورڈ یونیورسٹی کے مابین روابط بڑھانے کے خواہاں ہیں، طلباء بیرون ملک تعلیم حاصل کر کے معاشرے میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیاست ، قانون، سائنس، فنون لطیفہ اور سرکاری شعبے میں کئی پاکستانی رھوڈز سکالرشپ حاصل کر چکے ہیں۔ سابق چیئرمین سینیٹ و قائمقام صدر وسیم سجاد، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج بابر ستار اور شاہد جاوید برکی سمیت نامور پاکستانی شخصیات رھوڈز سکالرشپ سے مستفید ہو چکی ہیں۔

Daily Askar

Comments are closed.