کوئٹہ۔20نومبر (اے پی پی):نیب بلوچستان کے زیر اہتمام میر چاکر خان رند یونیورسٹی میں طلباء کےبدعنوانی کے خاتمے میں کردار کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ نیب بلوچستان سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان ظفراقبال خان سمینار کے مہمان خصوصی تھے جبکہ دیگر شرکاء میں میزبان میر چاکر خان رند یونیورسٹی جان وش کریم، پرو وائس چانسلر مشتاق شاہد،ڈائریکٹر نیب ڈاکٹر محمد راشد ڈپٹی کمشنر سبی خدائے رحیم، کنٹرولر آف یونیورسٹی پروفیسر عبدانعیم ایس ایس پی سبی عنایت اللہ بنگلزئی ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد ،فیکللٹی ممبران، یونیورسٹی کے طلباء کی ایک کثیر تعداد شامل تھی۔
سیمینار کے دوران یونیورسٹی کے کنٹرولر پروفیسر عبدالنعیم نے ڈائریکٹر جنرل نیب و دیگر شرکاء کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا اور موضوع کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ سنیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عنایت اللہ بنگلزئی نے کرپشن کےخلاف اپنے خطاب میں طلباء کو اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم حقوق اللہ کو پورا کرتے ہیں لیکن حقوق العباد سے ہم بہت دور ہیں اور یہ ہمارے معاشرتی زندگی کی تباہی کا باعث بن رہا ہے ،ہمیں اپنے تعلیمی نظام میں بہتری کی ضرورت ہے اور اپنے بچوں کو بدعنوانی کے اثرات پڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس موذی مرض پر قابو پا سکے۔
عنایت اللہ بنگلزئی نے جھوٹ کو تمام برائیوں کا سرچشمہ قرار دیا اور بدعنوانی کی ایک اہم وجہ بتایا۔ سیمینار کے دوران ڈپٹی کمشنر خدائے رحیم نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ کرپشن تمام برائیوں پر حاوی ہے اور یہ ہمارے معاشرے کو روز بروز کھوکھلا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت طالبعلم آپ کو کرپشن اور کرپشن کے مضمرات کے بارے میں معلوم ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ہمیشہ سے بہترین کردار ادا کرتے آئے ہیں ہمیں ماضی میں کئی مثالیں ملتی ہیں جب طلباء نے اپنے زور بازو اپنے ملکوں کی تقدیریں سنواری ہیں ۔
سیمینار سے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل نیب ظفر اقبال خان نے طلباء سے خطاب کے دوران انہیں ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں کرپشن کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاتا ہے، کرپشن کرنے والے کا سوشل بائیکاٹ کیا جاتا ہے اور اسے انتہائی بُرا گردانا جاتا ہے، اسی وجہ سے ان ترقی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم ہمیشہ دوسروں کی کرپشن کی بات کرتے ہیں جبکہ ہمیں خوداحتسابی کو اپنانا ہو گا ۔
طلباء سے ڈی جی نیب نے گزارش کی کہ وہ نیب کی کرپشن کے خلاف آگاہی مہم کا حصہ بنیں اور کرپشن کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ نیب بلوچستان کے آگاہی سیمینار کا انعقاد اس بات کا عادہ ہے کہ عوام الناس بدعنوانی کے خلاف اس جنگ میں نیب کی آواز بنیں۔ عوام الناس کرپشن کے ہاتھوں پریشان ہیں لہذا اب ہمیں مل کر اس اسیب سے لڑنا ہو گا اور کرپشن کے باعث ہونے والی سسٹم کی خرابی کو درست کرنا ہو گا۔
ماضی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے زمانے میں کرپشن کو بہت برا گردانا جاتا تھا ، لوگ بدعنوان عناصر کا سوشل بائیکاٹ کرتے تھے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اب کرپشن ہمارے معاشرے میں عام ہو چکی ہے ۔ ڈی جی نیب نے طلباء سے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ صرف تعلیم اور بدعنوانی کے خلاف آگاہی سے ہی ممکن ہے تاکہ وہ سسٹم کی بہتری کے لیے منظم ہو کر کام کر سکیں۔
Comments are closed.