اسلام آباد۔20دسمبر(نمائندہ عسکر): نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد میں کوئی دشواری یا خطرہ نہیں، الیکشن کمیشن نے اپنے وعدے کے مطابق الیکشن شیڈول جاری کیا اور تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم کے لئے 54 دن فراہم کئے، انتخابات 8 فروری 2024ءکو ملک بھر میں ہوں گے۔ بدھ کو ”نیوز ون“ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوریت میں شور اور اختلاف رائے ہوتا ہے، مطالبہ کرنا لوگوں کا حق ہے، یہ حق ملک کا آئین دیتا ہے،
اس حق کو چھینا نہیں جا سکتا، شکایت کرنا ہمارے سیاسی کلچر کا حصہ ہے، سیاسی جماعتوں کو دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کا حق حاصل ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کی صورتحال میں ایسا کوئی خطرہ نہیں کہ ملک کے اندر انتخابات کے انعقاد میں کوئی دشواری ہو، الیکشن اپنے مقررہ وقت 8 فروری 2024ءکو ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، الیکشن کمیشن پہلے دن سے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری ادا کر رہا ہے اور اپنے وعدے کے مطابق الیکشن شیڈول جاری کیا۔ الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل کے لئے 54 دن کی فراہمی یقینی بنائی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے برے دن تب شروع ہوں گے جب ہم اپنے معین وقت سے آگے جائیں، ہم آئین اور قانون کے تحت غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنا کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کی ضروریات پوری کر رہے ہیں، جس حالت میں ہمیں ملک ملا تھا اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پہلا دن تھا، بہت سے کاغذات نامزدگی جمع بھی ہوئے، انتخابات کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے۔
Comments are closed.