اسلام آباد۔20دسمبر(نمائندہ عسکر): نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کا وژن امداد نہیں تجارت سے ترقی کرناہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں بدھ کو چین کے نئے تعینات ہونے والے اکنامک کونسلر یانگ گوانگ یوان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر کونسلر گوانگ یوان نے ڈاکٹر اعجاز گوہر کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کو سراہا۔ وزیر تجارت نے دورہ چین کے دوران چینی حکام کی جانب سے گرمجوشی اور مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔
نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے حالیہ دورہ چین کا بنیادی مقصد ایک طرف چین کی ترقی کے سفر سے استفاده حاصل کرنا اور دوسری طرف پاکستانی برآمدات کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش کرنا تھا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے 5 سالہ وژن کی نقاب کشائی کی، جس میں پاکستان کی چین کو برآمدات کے لیے 25 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیاہے ۔ کونسلر گوانگ یوان نے کہا کہ چین اور پاکستان’’آئرن برادرز‘‘ ہیں دونوں ممالک مل کر تجارت کے فروع کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں ۔
انہوں نے چین کے تجارتی حجم کو موجودہ 27 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر آنے والے سالوں میں 32 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف سے آگاہ کیا اور اس تجارتی توسیع میں پاکستان کو شامل ہونے پر مبارک باد بھی دی ۔ملاقات میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز پر دونوں ممالک کے ممکنہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی فریق نے افریقی اور وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کے لیے پاکستان کے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اور پاکستان کی کم لاگت لیبر کے استعمال میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر تجارت نے چین کو فراہم کردہ اسٹریٹجک اور اقتصادی راستے پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی کی پیشکش کی جس پر کونسلر نے باہمی فائدے کے لیے اس پر اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔
Comments are closed.