اسلام آباد۔21دسمبر (نمائندہ عسکر): الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا بارکونسل کے صوبے میں قومی اسمبلی کی نشستوں میں کمی کے حوالے سے بیان کو بےبنیاد،حقائق کے منافی اور عوام کے ذہنوں میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ2018میں ہونےوالی 25ویں آئینی ترمیم کے مطابق سابق فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے بعد فاٹا کی 12 قومی اسمبلی کی نشستوں کو ختم کر کے صوبہ خیبر پختونخواکی قومی اسمبلی کی نشستوں میں 6 نشستوں کا اضافہ کیا گیا اور یہ بڑھ کر 39 سے 45 کر دی گئی ہیں۔جمعرات کو جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں 16 جنرل نشستوں کا اضافہ کر کے 99 سے بڑھا کر 115 کر دی گئیں ہیں ۔
ترجمان نے کہا کہ قومی وصوبائی اسمبلیوں کی سیٹوں کا تعین پارلیمنٹ کا استحقاق ہے اور آئین میں ترمیم کے بغیر ان میں کمی یا اضافہ ممکن نہیں ہے آئین کےتحت مختص کی گئی سیٹوں کے مطابق الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا کام آئین اور قانون کے مطابق بغیر کسی دباو کے سرانجام دے رہا ہے۔
Comments are closed.