عام انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جمعہ کو مکمل ہو گا

اسلام آباد۔21دسمبر (نمائندہ عسکر): ملک میں عام انتخابات 2024ء کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا بدھ سے شروع ہونے والا سلسلہ (آج) جمعہ کو مکمل ہو گا، ملک میں عام انتخابات کے حوالے سے انتخابی گہما گہمی شروع ہو چکی ہے، امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ بھی جاری ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 30 ہزار روپے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 20 ہزار روپے ناقابل واپسی فیس جمع کرائی جانی ہے۔ کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 8 بجے سے سہ پہر ساڑھے4 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

کاغذات نامزدگی کے ساتھ کے ساتھ تجویز اور تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقل منسلک کرنا ہو گی۔ امیدواروں کو گزشتہ 3 سال کا انکم ٹیکس ریٹرن کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔امیدوار پاسپورٹ کی مکمل کاپی کی نقول بھی منسلک کرے گا۔امیدوار فیس نقد یا نیشنل بنک کی کسی بھی شاخ میں جمع کراسکتا ہے۔ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

انتخابی عملے کی ٹریننگ کا اختتام ہو گیا ۔ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جا سکیں گے جن کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری 2024 کو دائر کی جا سکیں گی جن پر اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلے 10 جنوری تک کئے جائیں گے۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ اسی روز امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی۔

Web Desk

Comments are closed.