اسلام آباد۔21دسمبر (نمائندہ عسکر): نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے ، اس دفعہ خواتین کو پہلی دفعہ عبایا بھی دیا جائے گا جس پر پاکستانی پرچم بنا ہوگا، حج پر جانیوالے تمام افراد پاکستان کے سفیر ہیں۔
جمعرات کو یہاں اسلامی یونیورسٹی میں 5 روزہ حجاج ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کی اختتامی تقریب کے موقع پر دعوۃ اکیڈمی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انیق احمد نے کہا کہ مسلمان ایثار کا جذبہ رکھتا ہے اور دوسروں کے لیے بھلائی کرنے کے لیے کوشاں رہتا ہے،
آپ لوگ حج پر جانیوالے افراد کی بھرپور رہنمائی کر رہے ہیں جو مناسک حج ادا کرنے میں مدد گار ہو گی اور وہ اس مذہبی فریضہ کو بھرپور انداز میں ادا کر سکیں گے حج خود سے خدا تک کے سفر کا نام ہے۔انہوں نے تقریب میں موجود خواتین سے کہا کہ خواتین دینی اقدار سکھاتی ہیں،
ہمیں دین کو نسلوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے، ثقافت کو دین نہ بنایا جائے انہوں نے کہا کہ آخرت میں والدین سے بھی سوال ہوگا کہ انہوں نے بچوں کی کس طرح تربیت کی۔ پانچ روزہ ماسٹر ٹرینرز کورس میں ملک بھر سے 53 خواتین شامل تھیں ۔
اس موقع پر وزیر مذہبی امور نےٹریننگ کورس میں وزارت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ تقریب کے آخر میں وزیر مذہبی امور کو شیلڈ بھی دی گئی۔
Comments are closed.