پاکستان نیشنل کونسل آرٹس میں کرسمس تقریبات کا انعقاد، نگران وفاقی وزیر جمال شاہ کی شرکت

اسلام آباد۔21دسمبر (نمائندہ عسکر): پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کو مظلوم فلسطینیوں کے نام کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مختلف عالمی شخصیات کے پیغامات بھی چلائے گئے۔

تقریب میں نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور علامہ اقبالؒ کے”ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے” کےپیغام پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر جمال شاہ نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اسرائیل سنگین جنگی جرائم، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں معصوم فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں پانی، بجلی، ادویات، ایندھن اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے انسانی بحران جنم لے رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال اور سکول بھی اسرائیلی بربریت سے محفوظ نہیں۔ تقریب میں پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف نہتے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ترانہ گایا۔

سائرہ پیٹر نے تقریب میں کرسمس سے متعلق گانے بھی پیش کئے۔ اس موقع پر سائرہ پیٹر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی گائیکی میں ہر طبقے اور ہر مکتبہ فکر کی عکاسی و ترجمانی کی ہے۔ سائرہ پیٹر نے بتایا کہ میری گائیکی کا مقصد دنیا کو امن، انسانیت، محبت اور یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔

مہمان خصوصی نگران وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے سائرہ پیٹر کی گائیکی کی تعریف کی اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب، کرسمس ٹری، لوک رقص کے پروگرام پیش کئے گئے۔تقریب میں مسیحی برادری اور مقامی سامعین نے شرکت کی۔

Web Desk

Comments are closed.