سعودی عرب، چھوٹے بھائی کی قبر کھودنے والا شخص صدمے سے نڈھال ہو کر دار فانی سے چل بسا
ریاض۔21دسمبر (اے پی پی): سعودی عرب کی جازان کمشنری کے نواحی علاقے میں چھوٹے بھائی کی قبر کھودنے والا شخص صدمے سے نڈھال ہو کر دار فانی سے چل بسا۔ سبق نیوز کے مطابق جازان کے نواحی گائوں الخرمہ میں مقیم 44 سالہ سعودی شہری مفرح یحیٰی غزوانی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا،اسے العیدابی جنرل ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد موت کی تصدیق کر دی۔
مفرح کا بڑا بھائی 48 سالہ جبریل یحیی غزوانی نے ہسپتال کے عملے سے بھائی کی موت کی تصدیق کی اور بوجھل قدموں سے قبرستان چلا گیا تاکہ بھائی کی قبر کو اپنے ہاتھوں سے کھودے، قبر تیار کرتے ہی جبریل غزاوانی کو چکر آیا اور وہ کھودی ہوئی قبر میں گرنے ہی لگا تھا کہ ساتھیوں نے اسے باہر نکال کر اسی ہسپتال میں پہنچا دیا جہاں اس کے چھوٹے بھائی کی نعش سرد خانے میں رکھی تھی، ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں طبی امداد دی گئی مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ہسپتال کے سرد خانے میں دونوں بھائیوں کی نعشوں کو رکھ دیا گیا، اس طرح زندگی میں کبھی جدا نہ ہونے والے دونوں بھائی آخرت کے سفر پر بھی ایک ساتھ ہی روانہ ہو گئے۔
Comments are closed.