دبئی ، سول کورٹ نے غیر ضروری سرجری پر نجی ہسپتال اور ڈاکٹر پر 8 ملین درہم جرمانہ عائد کر دیا

دبئی ۔21دسمبر (اے پی پی): متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی سول کورٹ نے غیر ضروری سرجری کا الزام ثابت ہونے پر نجی ہسپتال اور ڈاکٹر پر مجموعی طورپر8 ملین درہم جرمانہ عائد کردیا۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دبئی کی سول کورٹ میں متاثرہ خاتون نے اپنے دعوے میں انشورنس کمپنی، نجی ہسپتال اور ڈاکٹر کے خلاف غیر ضروری سرجری پر 17 ملین 750 ہزار درہم ہرجانے کا مطالبہ کیا۔ عدالت نے کیس متعلقہ طبی کمیٹی کو ارسال کردیا جہاں معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے اپنی سفارشات سے عدالت کو مطلع کیا۔ ڈاکٹر کو غلطی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اس کی ذمہ داری تھی کہ وہ آپریشن سے قبل مریضہ کی ہسٹری دیکھنے کے بعد اس سے ملاقات کرکے تمام باریک پہلوں سے مطلع کرتا جس کے بعد تحریری رضا مندی حاصل کی جانی چاہیے تھی۔

کمیٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اور ہسپتال انتظامیہ نے انشورنس کمپنی کی جانب سے دی گئی سفارشات اور اس سے قبل دوسرے ہسپتال کی جانب سے اسی آپریشن کی موجودگی کو نظر انداز کیا جس پروہ غلطی کے مرتکب قرار پائے،عدالت نے فیصلے میں نجی ہسپتال اور ڈاکٹر پر 8 ملین درہم جرمانہ عائد کر دیا ۔خاتون نے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ بھی پیش کی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ آپریشن کے بعد اب ساری زندگی ماں نہیں بن سکتی۔

Web Desk

Comments are closed.