یوکرین کی خودمختاری کا احترام کرنے پر پیوٹن کو ڈی۔ڈے لینڈنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دے سکتے ہیں، فرانسیسی صدر

پیرس ۔21دسمبر (اے پی پی): فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ یوکرین کے مفادات اور خودمختاری کا احترام کرنے پر وہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو آئندہ سال جون میں نارمنڈی میں ڈی ۔ ڈے لینڈنگ کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کی دعوت دے سکتے ہیں۔

فرانس کے سرکاری نشریاتی ادارے فرانس 5 کے ساتھ انٹرویو کے دوران دوسر ی جنگ عظیم کے اس اہم واقعہ کی سالگرہ کی تقریبات میں روسی صدر کو مدعو کرنے بارے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ اگر روسی صدر امن مذاکرات کریں اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ حالات کو بدلیں تو یہ ممکن ہے۔روسی اخبار رشیا ٹوڈے کے مطابق قبل ازیں روسی صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے ملک کے فرانس کے ساتھ اچھے تعلقات تھے تاہم موجودہ صدر میکرون نےان تعلقات کو ختم کر دیا ہے۔ اس سوال پر کہ کیاوہ فرانس کے ساتھ تعلقات بحال کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ، روسی صدر نے جواب دیا کہ اگر فرانس اس میں دلچسپی رکھتا ہے تو وہ اس کے لئےتیار ہیں۔

واضح رہے کہ 6 جون، 1944 کو دوسری جنگ عظیم کے دوران امریکی، برطانوی، کینیڈین اور دیگر اتحادی فوجیوں کی طرف سے فرانس کے علاقے نارمنڈی میں اترنے سے فرانس کو جرمن نازیوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی مہم کا آغاز ہوا تھا ۔ دو ہفتے بعد سوویت یونین نے مشرقی محاذ پر آپریشن باگریشن شروع کر دیا جس کے نتیجہ میں جرمن آرمی گروپ سینٹر کو فیصلہ کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Web Desk

Comments are closed.