پسلی میں فریکچر کے باعث فاسٹ باؤلر خرم شہزاد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے

میلبورن۔21دسمبر (اے پی پی): پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر خرم شہزاد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔فاسٹ باؤلر پسلی میں فریکچر کے باعث کینگروز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بقیہ دو میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ 24 سالہ خرم شہزاد نے 14 سے 18دسمبر تک پرتھ میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے دوران وہ بائیں پسلی کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے۔ فٹنس مسائل کے باعث وہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ میچز میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔خرم شہزاد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سپیشلسٹ سے مشورہ کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کریں گے جس کے بعد ان کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں خرم شہزاد نے 22 اور دوسری اننگ میں 16 اوورز کرائے تھے اور انہوں نے عمدہ باؤلنگ کی بدولت میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ان کی غیر موجودگی سے پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کے شعبے کو کمزور کر سکتی ہے جبکہ لیگ سپنر ابرار احمد دائیں ٹانگ میں تکلیف کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ ہیڈ کوچ محمد حفیظ کے مطابق ان کی جگہ ساجد خان ، حسن علی اور محمد وسیم جونیئر میں سے کسی ایک لے سکتا ہے جس کا فیصلہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ سے قبل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کو پرتھ ٹیسٹ میچ میں 360 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا۔

Web Desk

Comments are closed.